Wednesday, October 7

پاکستان کا مقامی طور پر تیار کردہ فتح 4 کروز میزائل کا کامیاب تجربہ

Pakistan Successfully Tests Indigenous Fatah-4 Cruise Missile

اسلام آباد، 7 اکتوبر 2026 (غفران): پاکستان نے مقامی طور پر تیار کردہ فتح 4 زمین سے داغے جانے والے کروز میزائل کے توسیع شدہ ورژن کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق جدید ایویونکس اور جدید ترین رہنمائی کے نظام سے لیس یہ میزائل طویل فاصلے تک اہداف کو انتہائی درستگی اور مؤثر انداز میں نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق تجربے کے دوران میزائل کے مختلف ذیلی نظاموں میں شامل اضافی تکنیکی خصوصیات کی بھی توثیق کی گئی، جن کا مقصد درستگی میں بہتری اور نظام کی بقا کی صلاحیت کو بڑھانا ہے۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کامیاب تجربے کا مشاہدہ پاک فوج کے سینئر افسران کے علاوہ متعلقہ ادارے کے سائنس دانوں اور انجینئرز نے کیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور سروسز چیفس نے فتح 4 کے توسیع شدہ ورژن کے کامیاب تجربے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے اس اہم کامیابی میں کردار ادا کرنے والے تمام افراد کی فنی صلاحیت، محنت، لگن اور عزم کو سراہا۔ یہ تجربہ رواں سال مئی میں فتح 4 زمین سے داغے جانے والے کروز میزائل کی کامیاب تربیتی فائرنگ کے بعد کیا گیا ہے۔ اس سے قبل آرمی راکٹ فورس کمانڈ نے مقامی طور پر تیار کردہ فتح 2 میزائل نظام کی بھی کامیاب تربیتی فائرنگ کی تھی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس تجربے کا مشاہدہ اسٹریٹجک پلانز ڈویژن، آرمی راکٹ فورس کمانڈ اور پاک فوج کے سینئر افسران سمیت اسٹریٹجک اداروں کے سائنس دانوں اور انجینئرز نے کیا تھا۔ اس سے قبل پاک بحریہ نے بھی مقامی طور پر تیار کردہ اینٹی شپ ہتھیار نظام تیمور ائیر لانچڈ کروز میزائل کی کامیاب لائیو فائرنگ کی تھی، جس نے طویل فاصلے تک سمندری خطرات کی نشاندہی، ہدف بندی اور مؤثر کارروائی کی صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔