
جاپان، 28 ستمبر 2026 (کامران راجہ): پاکستان نے 2026 ایشین گیمز کے پول بی کے آخری میچ میں عمان کو 7-2 سے شکست دے کر مینز ہاکی کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ گِفو پریفیکچرل گرین اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں رانا وحید اشرف نے شاندار ہیٹ ٹرک کرتے ہوئے 34ویں، 44ویں اور 59ویں منٹ میں گول کیے۔ سفیان خان نے پنالٹی کارنرز پر دو گول کیے، جبکہ غزنفر علی اور محمد عماد نے بھی پاکستان کی جانب سے ایک، ایک گول اسکور کیا۔ عمان کی جانب سے البراء النوفلی اور ایمن مدیت نے گول کیے۔ سفیان خان نے 22ویں منٹ میں پاکستان کی جانب سے پہلا گول کیا اور چھ منٹ بعد دوسرا گول کرکے برتری دگنی کردی۔ وحید اشرف نے 34ویں منٹ میں تیسرا گول کیا، جبکہ غزنفر علی نے 40ویں منٹ میں پاکستان کی برتری مزید مستحکم کردی۔ وحید نے چار منٹ بعد اپنا دوسرا گول کیا، جبکہ محمد عماد نے 46ویں منٹ میں چھٹا گول اسکور کیا۔ وحید اشرف نے 59ویں منٹ میں اپنا تیسرا گول کرکے پاکستان کی 7-2 سے کامیابی مکمل کردی۔ پاکستان نے اس سے قبل تھائی لینڈ، ازبکستان اور چین کے خلاف کامیابیاں حاصل کی تھیں، جبکہ پول بی میں اسے واحد شکست ملائیشیا کے ہاتھوں ہوئی، جس نے 26 ستمبر کو پاکستان کو 5-4 سے شکست دی تھی۔ پاکستان نے پول بی میں ملائیشیا کے بعد دوسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ دونوں پولز کی ٹاپ دو ٹیموں نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔ ایشین گیمز ہاکی کے سیمی فائنلز یکم اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔