Monday, November 2

پاکستان نے جی 24 کی صدارت سنبھال لی، ترقی پذیر ممالک کے مفادات کے تحفظ کا عزم

Pakistan Takes Over G24 Chairmanship, Vows to Promote Developing Nations' Interests

اسلام آباد، یکم نومبر 2026 (غفران): پاکستان نے گروپ آف 24 (جی 24) کی صدارت سنبھال لی ہے، جبکہ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو گروپ کا نیا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔ اس پیش رفت کا مقصد عالمی مالیاتی نظام میں ترقی پذیر ممالک کی آواز کو مؤثر بنانا اور ان کے مفادات کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ اس موقع پر محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان عالمی مالیاتی اداروں میں ترقی پذیر ممالک کی منصفانہ نمائندگی اور فیصلہ سازی کے عمل میں ان کی مؤثر شمولیت کے لیے آواز بلند کرے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی معاشی پالیسیوں میں ترقی کو مرکزی حیثیت دی جانی چاہیے اور معاشی استحکام کے ثمرات سرمایہ کاری، روزگار کے مواقع اور عوامی خوشحالی کی صورت میں سامنے آنے چاہئیں۔ وزیر خزانہ نے ترقی پذیر ممالک کو عالمی مالیاتی فیصلوں میں زیادہ نمائندگی دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک کو سستی اور بروقت مالی معاونت کی فراہمی، قرضوں سے متعلق مسائل کے پائیدار حل اور موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔ محمد اورنگزیب نے تمام ممالک کی ترقیاتی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے زیادہ منصفانہ اور جامع عالمی مالیاتی نظام کے قیام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔