Thursday, August 13

پاکستان ایران کی اسٹریٹجک ڈیپتھ ہے: محسن رضائی

تہران، 13 اگست 2026 (غفران): ایرانی اعلیٰ عہدیدار نے پاکستان کو مسلم دنیا کا ایک عظیم اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی اور ایرانی عوام کے درمیان محبت اور بھائی چارے کی مثال دنیا میں بے مثال ہے۔ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے پاکستانی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کے دوران کہا کہ ایران اور پاکستان ایک دوسرے کی اسٹریٹجک ڈیپتھ ہیں۔ ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق محسن رضائی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے تمام رہنماؤں نے پاکستان کو ایران کی اسٹریٹجک ڈیپتھ اور ایران کو پاکستان کی اسٹریٹجک ڈیپتھ سمجھا ہے۔محسن رضائی نے کہا کہ ایران پاکستان کی حکومت، فوج اور عوام کو اہم شراکت دار سمجھتا ہے اور وزیراعظم اور آرمی چیف کی جانب سے علاقائی سطح پر بڑھتے ہوئے کردار کا خیرمقدم کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت میں کئی گنا اضافہ چاہتے ہیں۔محسن رضائی نے مسلم ممالک کے درمیان اتحاد اور یکجہتی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان، ایران، ترکیہ، سعودی عرب، مصر اور انڈونیشیا کو مل کر کام کرنا چاہیے۔اس موقع پر پاکستانی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران پاکستان اور ایران کے تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون بڑھانے اور دونوں برادر ممالک کے درمیان رابطوں اور ہم آہنگی کو مزید فروغ دینے کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔