
راولپنڈی، 02 نومبر 2026 (کامران راجہ): پاکستان اور چین نے اپنی ہمہ موسمی اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ اس عزم کا اظہار چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور چین کی کمیونسٹ پارٹی کے عہدیدار لیو ہائی شنگ کے درمیان جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملاقات کے دوران کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی و عالمی سلامتی کی بدلتی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی اور آزمودہ دوستی کو اجاگر کرتے ہوئے اعلیٰ سطح کے مسلسل روابط، ادارہ جاتی تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ لیو ہائی شنگ نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور دونوں ممالک کی دیرینہ اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر ہو رہا ہے۔ دونوں ممالک سیاسی، اقتصادی، سفارتی اور دفاعی شعبوں میں تعاون کو مسلسل وسعت دے رہے ہیں۔