Tuesday, October 20

پاکستان اور قطر کا سکیورٹی شراکت داری مضبوط بنانے پر اتفاق

Pakistan, Qatar Agree to Strengthen Security Partnership

اسلام آباد، 20 اکتوبر 2026 (نوشین): پاکستان اور قطر نے داخلی سلامتی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون بڑھانے اور سکیورٹی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاقِ رائے دوحہ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور ان کے قطری ہم منصب شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی کے درمیان ملاقات کے دوران ہوا۔ شیخ خلیفہ قطر کی داخلی سکیورٹی فورس کے کمانڈر بھی ہیں۔ ملاقات میں داخلی سلامتی سے متعلق مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں ممالک کی متعلقہ وزارتوں کے درمیان روابط مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اس موقع پر خطے کی موجودہ صورتحال اور امن و استحکام سے متعلق امور بھی زیرِ بحث آئے۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور قطر علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان مسلسل تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی نے کہا کہ قطر پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ دونوں فریقین نے سکیورٹی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے اور باہمی دلچسپی کے امور پر تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔