Thursday, October 8

پاکستان اور بحرین کا تجارت اور اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق

Pakistan, Bahrain Agree to Boost Trade and Economic Cooperation

اسلام آباد، 8 اکتوبر 2026 (کامران راجہ): پاکستان اور بحرین نے دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے، جبکہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان خلیجی ریاست کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا خواہاں ہے۔ بحرین کے وزیر خارجہ عبداللطیف بن راشد الزیانی دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچے، جہاں انہوں نے اسلام آباد میں پاکستان بحرین مشترکہ وزارتی کمیشن کے تیسرے اجلاس کی اسحاق ڈار کے ساتھ مشترکہ صدارت کی۔ مشترکہ پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے بحرینی ہم منصب اور ان کے وفد کا مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس میں تعمیری شرکت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان اور بحرین کو دیرینہ تعلقات رکھنے والے برادر ممالک قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک عالمی سطح پر مختلف پلیٹ فارمز پر بھی باہمی تعاون کرتے ہیں۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان بحرین دوستی مضبوط اور مستقبل پر مبنی ہے اور پاکستان بحرین کے ساتھ خوشحال مستقبل کی تعمیر اور دوطرفہ تجارت و اقتصادی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان 2027 میں مشترکہ وزارتی کمیشن کے اگلے اجلاس کی میزبانی بحرین میں کرنے کا منتظر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تازہ اجلاس پانچ سال کے وقفے کے بعد منعقد ہوا اور آئندہ اجلاس باقاعدگی سے منعقد کیے جانے چاہئیں۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان بحرین کے ساتھ دوطرفہ تجارت کو ایک ارب ڈالر تک بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے تین سال کے اندر دوطرفہ تجارت دوگنا کرنے کا ہدف مقرر کیا تھا تاہم اس مدت کا ایک سال گزر چکا ہے۔ خطے کی مشکل صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ تجارتی ہدف کے حصول میں تاخیر کی وجہ خطے میں پیدا ہونے والی انتہائی ہنگامہ خیز صورتحال ہوسکتی ہے۔ انہوں نے خلیج تعاون کونسل کے ساتھ پاکستان کے آزاد تجارتی معاہدے کے امکانات کو بھی اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ معاہدے پر بات چیت تکمیل کے قریب ہے۔

اسحاق ڈار کے مطابق خلیج تعاون کونسل کے سیکریٹری جنرل نے انہیں بتایا ہے کہ معاہدہ تقریباً تیار ہے اور صرف ایک رکن ملک کی منظوری باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور خلیج تعاون کونسل کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے کی تکمیل سے تجارت میں اضافہ ہوگا اور دونوں جانب درآمدات و برآمدات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ زیادہ اقتصادی فوائد کے حصول کے لیے حکومت سے حکومت کے اقدامات کے ساتھ کاروباری سطح پر روابط کو بھی مزید مضبوط بنانا ہوگا۔ وزیر خارجہ نے انسانی وسائل کی ترقی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر بھی زور دیا اور بحرین سے پاکستانی تعلیمی ڈگریوں اور پیشہ ورانہ قابلیتوں کو تسلیم کرنے میں سہولت فراہم کرنے کی درخواست کی۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان ہنرمند افرادی قوت کی نقل و حرکت کے لیے مزید مواقع پیدا کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس سے قبل اسحاق ڈار اور عبداللطیف بن راشد الزیانی نے وزارت خارجہ میں الگ ملاقات بھی کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور کا جائزہ لیا گیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرا نے پاکستان اور بحرین کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعلقات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ کثیرالجہتی فورمز پر دونوں ممالک کے درمیان مزید قریبی رابطہ کاری کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔