
راولپنڈی، 16 اکتوبر 2026 (نوشین): شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں پاکستان کے 16 رکنی اسکواڈ نے ون ڈے انٹرنیشنل سہ ملکی سیریز کے لیے تیاریاں شروع کر دیں۔ قومی ٹیم نے جمعرات کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سہ پہر 4 بجے سے شام 7 بجے تک تین گھنٹے کا بھرپور تربیتی سیشن کیا۔ پریکٹس سیشن ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، بیٹنگ کوچ مائیک اسمتھ، بولنگ کوچ شان ٹیٹ اور فیلڈنگ کوچ منصور امجد کی نگرانی میں منعقد ہوا، جس میں تمام کھلاڑیوں نے بیٹنگ اور دیگر مہارتوں کی مشق کی۔ فاسٹ بولرز شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، رضا اللہ، فہیم اشرف اور نسیم شاہ نے شان ٹیٹ کی نگرانی میں بولنگ پریکٹس کی، جبکہ اسپنرز شاداب خان، ابرار احمد، عرفات منہاس اور سفیان مقیم نے نیٹ پریکٹس میں طویل اسپیلز کیے۔ پاکستان 18 اکتوبر کو راولپنڈی میں سری لنکا اور 20 اکتوبر کو انگلینڈ کے خلاف میدان میں اترے گا، جبکہ لاہور میں 25 اکتوبر کو انگلینڈ اور 27 اکتوبر کو سری لنکا سے مقابلہ ہوگا۔ قومی اسکواڈ جمعے اور ہفتے کو بھی راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سہ پہر 4 بجے سے شام 7 بجے تک تربیتی سیشن جاری رکھے گا۔