
تہران، 21 ستمبر ,2026 (غفران): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایران کے سرکاری دورے کے دوران تہران میں اپنے ایرانی ہم منصب اسکندر مومنی سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور جاری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران دونوں جانب سے مختلف شعبوں میں جاری تعاون پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں وزرا نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مسلسل کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔ اسکندر مومنی نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کو سراہتے ہوئے خطے میں قیام امن کے لیے پاکستانی قیادت کے کردار پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان تعاون جاری رکھنے کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ آنے والے عرصے میں پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائے گا اور دونوں ممالک کے درمیان مسلسل رابطے اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ ایرانی وزیر داخلہ نے تہران پہنچنے پر محسن نقوی کا ہوائی اڈے پر استقبال بھی کیا۔