تہران، 17 اکتوبر 2026 (کامران راجہ): ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیشن کے چیئرمین ابراہیم عزیزی نے خبردار کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف کوئی اقدام کیا تو پورے خطے کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اپنے بیان میں ابراہیم عزیزی نے ٹرمپ کو متنبہ کیا کہ ایران کی سلامتی کے خلاف کوئی قدم اٹھانے سے گریز کیا جائے، کیونکہ تہران کے حوالے سے کسی غلط اندازے کے نتیجے میں پورے خطے کو تباہ کن نقصانات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج تک کوئی ایسی طاقت سامنے نہیں آئی جو ایرانی قوم کے خلاف بم استعمال کرنے کی جرأت کر سکے۔ ابراہیم عزیزی نے مزید کہا کہ ایران کو دھمکانے کے لیے نام نہاد ’’مدر آف آل بمز‘‘ استعمال کرنے کی بھی کوئی جرأت نہیں کر سکتا۔ ان کا یہ بیان واشنگٹن اور تہران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں سامنے آیا ہے، جہاں ایرانی حکام ملک کی قومی سلامتی کے خلاف کسی بھی فوجی کارروائی یا دھمکی کے نتائج سے خبردار کر رہے ہیں۔
