Tuesday, November 17

وزیراعظم کی برآمدات کے فروغ کے لیے ضلعی سطح پر ایس ایم ای سہولت مراکز قائم کرنے کی منظوری

PM Approves District-Level SME Facilitation Centres to Boost Pakistani Exports

اسلام آباد، 16 نومبر 2026 (غفران): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملکی برآمدات میں اضافے اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباروں کی معاونت کے لیے ضلعی سطح پر ایس ایم ای سہولت مراکز قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے، جبکہ ابتدائی طور پر لاہور، پشاور، کراچی اور کوئٹہ میں پائلٹ منصوبے شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ان مراکز کی کامیاب تکمیل کے بعد انہیں بتدریج تمام اضلاع تک توسیع دی جائے گی تاکہ کاروبار شروع کرنے میں دلچسپی رکھنے والے شہریوں کو رہنمائی اور ضروری معلومات فراہم کی جا سکیں۔ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں سے وابستہ برآمد کنندگان کے وفد سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو جلد خراب ہونے والی اشیا کی برآمدات میں سہولت کے لیے پائیدار کولڈ اسٹوریج نظام قائم کرنے کا جامع منصوبہ تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے بتایا کہ ایس ایم ایز اور نئے برآمد کنندگان کے لیے ایکسپورٹ فنانس اسکیم کے تحت 300 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جو خصوصی طور پر اسی شعبے کے لیے استعمال ہوں گے، جبکہ ایکسپورٹ امپورٹ بینک اس حوالے سے سرکلر بھی جاری کر چکا ہے۔ وزیراعظم نے پاکستانی برآمدات کے فروغ اور مقامی صنعتوں کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) اور سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کی جدید خطوط پر تنظیم نو اور اصلاحات کی بھی منظوری دی۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری ادارے کسی بھی ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کی برآمدی صلاحیت بڑھانا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیراعظم نے کاروبار شروع کرنے اور چلانے سے متعلق عوامی آگاہی بڑھانے کے لیے بھی تمام ممکنہ اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ وفد کے ارکان نے حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے ایس ایم ای شعبے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تجاویز پیش کیں، جن کا جائزہ لینے اور قابل عمل سفارشات پر عملدرآمد سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کے لیے وزیراعظم نے ایک کمیٹی بھی تشکیل دے دی۔ اجلاس میں وفاقی وزرا، وزیر مملکت برائے خزانہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی، گورنر اسٹیٹ بینک، چیئرمین سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان اور متعلقہ سرکاری اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔