
اسلام آباد، 02 نومبر 2026 (غفران): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم سے اب تک ڈیڑھ کروڑ سے زائد افراد مستفید ہو چکے ہیں جبکہ مستحق صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے 27 ارب روپے تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر حکومت نے پٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر اضافے کا بوجھ عوام پر منتقل کرنے کے بجائے آئل ریفائنریز پر ڈال دیا ہے، جس سے ریفائنریز کو ماہانہ تقریباً 15 ارب روپے کا اضافی بوجھ برداشت کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسکیم کے تحت موٹر سائیکلوں، چنگ چی رکشوں اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کو رعایتی نرخوں پر پٹرول فراہم کیا جا رہا ہے۔ عطاء اللہ تارڑ نے اسکیم کی کامیابی کو متعلقہ سرکاری اداروں، وزارت پٹرولیم، وزارت آئی ٹی، اوگرا اور اسٹیٹ بینک کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اشیائے ضروریہ کی کوئی قلت نہیں اور عوام افواہوں اور غیر مصدقہ اطلاعات پر کان نہ دھریں۔ خیبرپختونخوا کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے پی ٹی آئی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ صوبے میں ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح کے اقدامات پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی گئی۔ انہوں نے حکومت کی معاشی اور ٹیکس اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی کی مدد سے نگرانی کے نظام کے ذریعے صرف چینی کی صنعت سے اضافی 60 ارب روپے ٹیکس وصول کیا گیا ہے۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ حکومت معیشت کے استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور قومی مفادات کو سیاسی مفادات پر ہمیشہ ترجیح دی جانی چاہیے۔