
نیویارک، 23 ستمبر 2026 (غفران): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر گیٹس فاؤنڈیشن کے چیئرمین بل گیٹس سے ملاقات کی اور پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے اپنی حکومت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے پولیو کے خاتمے کے لیے گیٹس فاؤنڈیشن کی دیرینہ معاونت پر شکریہ ادا کیا اور ماں اور بچے کی صحت، غذائیت، حفاظتی ٹیکہ جات، ڈیجیٹلائزیشن اور مالی شمولیت کے شعبوں میں فاؤنڈیشن کی پاکستان کے ساتھ شراکت کو سراہا۔ بل گیٹس نے پولیو کے خاتمے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو تسلیم کرتے ہوئے آئندہ نسلوں کو اس معذور کن بیماری سے محفوظ رکھنے کے لیے پولیو کے مکمل خاتمے کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے صحت عامہ، زراعت، ڈیجیٹل جدت اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں گیٹس فاؤنڈیشن کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا جبکہ بل گیٹس کو حکومت کی زرعی اصلاحات سے بھی آگاہ کیا، جن میں بائیوٹیکنالوجی، موسمیاتی لچک، تحقیق اور کسانوں کی استعداد کار میں اضافے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ دونوں جانب نے بہتر بیجوں، مویشیوں کی جینیات اور جدید زرعی ٹیکنالوجیز کی ترقی میں تعاون کے مواقع تلاش کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ ملاقات کے اختتام پر پائیدار ترقی، تکنیکی پیش رفت اور عوام کے لیے سماجی شعبوں کے بہتر نتائج کے لیے شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے بل گیٹس کو اپنی سہولت کے مطابق جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔