Saturday, October 3

وزیراعظم شہباز شریف لندن اسٹاک ایکسچینج کا ٹریڈنگ سیشن کھولنے والے پہلے پاکستانی وزیراعظم بن گئے، 3 ارب ڈالر کے یورو بانڈ کا افتتاح

PM Shehbaz Sharif Becomes First Pakistani Premier to Open London Stock Exchange Session, Inaugurates $3 Billion Eurobond

لندن، 29 ستمبر 2026 (غفران): وزیراعظم محمد شہباز شریف منگل کو لندن اسٹاک ایکسچینج (ایل ایس ای) کا ٹریڈنگ سیشن کھولنے والے پہلے پاکستانی وزیراعظم بن گئے، جبکہ انہوں نے پاکستان کے 3 ارب امریکی ڈالر مالیت کے تاریخی ڈوئل ٹرانش خودمختار یورو بانڈ کا باضابطہ افتتاح بھی کیا۔ پیٹرنوسٹر اسکوائر میں لندن اسٹاک ایکسچینج کے ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان میں منافع بخش، محفوظ اور باہمی مفاد پر مبنی غیر ملکی سرمایہ کاری کے وسیع امکانات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے گزشتہ چند برسوں کے دوران ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے بھرپور کوششیں کی ہیں اور اہم معاشی اشاریوں میں بہتری آئی ہے جو مستقبل کیلئے مثبت امکانات کی عکاسی کرتی ہے۔ تقریب میں لندن اسٹاک ایکسچینج گروپ کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ شومر، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی، برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل، پاکستانی وفد کے ارکان اور متعلقہ برطانوی حکام نے شرکت کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 3 ارب امریکی ڈالر کے ڈوئل ٹرانش خودمختار یورو بانڈ کے کامیاب اجرا میں وزیر خزانہ، معاشی ٹیم اور سرکاری حکام کی محنت، ساختی اصلاحات، معیشت کی ڈیجیٹلائزیشن اور ملکی معیشت کو دوبارہ درست سمت میں لانے کیلئے کیے گئے اقدامات نمایاں ہیں۔ انہوں نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز اور فرسٹ ویمن بینک سمیت حکومت کے نجکاری اقدامات کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ مزید سرکاری اداروں کو نجی شعبے کے حوالے کرنے پر کام جاری ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ نجکاری اور سرمایہ کاری کے شعبے میں پاکستان اور برطانیہ قریبی تعاون کرسکتے ہیں۔ علاقائی معاشی چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان موجودہ مشکلات سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ امن اور ثالثی کی کوششوں میں بھی اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے حالیہ علاقائی صورتحال سے نئے اسباق سیکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عالمی سرمایہ کار اب محفوظ اور مستحکم منڈیوں کا زیادہ باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں۔ وزیراعظم نے لندن اسٹاک ایکسچینج کے چیف ایگزیکٹو سے بین الاقوامی مالیاتی منڈیوں کے ساتھ پاکستان کے روابط مزید مضبوط بنانے کے طریقوں کے حوالے سے رہنمائی بھی طلب کی، تاکہ خودمختار قرضوں کے علاوہ ملک میں براہ راست سرمایہ کاری کو بھی فروغ دیا جاسکے۔ انہوں نے لندن اسٹاک ایکسچینج کا ٹریڈنگ سیشن کھولنے کو خوشی کا موقع اور ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے پاکستان اور لندن اسٹاک ایکسچینج کے دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت اجاگر کی۔ وزیراعظم نے ڈیوڈ شومر کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔ 3 ارب امریکی ڈالر مالیت کے یورو بانڈ کے اجرا کو پاکستان کی تاریخ میں سب سے بڑا بین الاقوامی بانڈ ٹرانزیکشن قرار دیا گیا، جس کیلئے عالمی سرمایہ کاروں کی جانب سے تقریباً 6 ارب امریکی ڈالر کی طلب موصول ہوئی۔ یہ لین دین پاکستان کے تجدید شدہ گلوبل میڈیم ٹرم نوٹ پروگرام کے تحت پہلا اجرا تھا اور حکومت کی وسیع تر قرضہ انتظامی حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کا مقصد مالی وسائل کے ذرائع میں تنوع پیدا کرنا، قرضوں کی مدت میں اضافہ اور ری فنانسنگ کے خطرات کو کم کرنا ہے۔ لندن اسٹاک ایکسچینج پہنچنے پر وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے وفد کا ڈیوڈ شومر اور لندن اسٹاک ایکسچینج گروپ کے سینئر حکام نے پرتپاک استقبال کیا۔