Wednesday, September 16

وان ڈیر لیئن کی کینیڈا کو یورپی یونین کا پہلا ایسوسی ایٹ رکن بنانے کی تجویز

EU's von der Leyen proposes Canada as bloc's first associate member

برسلز، 16 ستمبر 2026 (غفران): یورپی کمیشن کی صدر ارسولا وان ڈیر لیئن نے بدھ کے روز کینیڈا کو یورپی یونین کا پہلا “ایسوسی ایٹ رکن” بنانے کی راہ ہموار کرنے کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ عالمی صورتحال میں اتحادی ممالک کے درمیان نئے روابط اور شراکت داری ضروری ہیں۔ اسٹراسبرگ میں یورپی پارلیمنٹ سے اپنے سالانہ اسٹیٹ آف دی یونین خطاب کے دوران وان ڈیر لیئن کی تجویز پر یورپی قانون سازوں نے کھڑے ہو کر داد دی، جس کے بعد انہوں نے پارلیمنٹ میں موجود کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی سے ملاقات کی۔ وان ڈیر لیئن نے کہا کہ آج کی دنیا کی نازک صورتحال میں نئی شراکت داریوں کی ضرورت ہے۔ 27 رکنی یورپی یونین کو روس کی جانب سے یوکرین پر حملے کے باعث اپنی سرحدوں پر جنگ کا سامنا ہے، جبکہ یورپی یونین اور کینیڈا دونوں کو تجارت اور دیگر معاملات پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ اور بڑھتے ہوئے بااثر چین کی جانب سے سخت مسابقت کا سامنا ہے۔