Sunday, August 16

واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے میں قائداعظم کے مجسمے کی رونمائی

Quaid-i-Azam Statue Unveiled at Pakistan Embassy in Washington

واشنگٹن، 16 اگست 2026 (غفران): بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا مجسمہ واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی سفارتخانے میں مستقل طور پر نصب کر دیا گیا ہے، جس کی رونمائی پاکستان کے یومِ آزادی کی تقریبات کے موقع پر منعقدہ خصوصی تقریب میں کی گئی۔ مجسمے کی رونمائی امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے جمعہ کے روز سفارتخانے میں منعقدہ تقریب کے دوران کی۔ تقریب میں پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے ارکان، سفارت کاروں اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔قائداعظم کا یہ مجسمہ ہیوسٹن میں قائم قائداعظم فاؤنڈیشن کی جانب سے پاکستانی سفارتخانے کو تحفے کے طور پر پیش کیا گیا ہے اور اسے سفارتخانے میں مستقل طور پر نصب کیا گیا ہے۔مجسمے کی تنصیب ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان رواں سال قائداعظم محمد علی جناح کا 150واں یومِ پیدائش منانے کی تیاری کر رہا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر رضوان سعید شیخ نے قیامِ پاکستان کے لیے قائداعظم کی تاریخی سیاسی جدوجہد اور انتھک کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔یومِ آزادی کی تقریب کا آغاز پاکستانی پرچم لہرانے سے ہوا، جس کے بعد قومی ترانہ اور قرآنِ پاک کی آیات کی تلاوت کی گئی۔ اس موقع پر صدرِ مملکت، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم پاکستان کے یومِ آزادی کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر رضوان سعید شیخ نے پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی اور عالمی سطح پر پاکستان امریکہ کے لیے اہمیت کا حامل ہے اور دونوں ممالک باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون کر رہے ہیں۔امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھی پاکستان کے یومِ آزادی کے پیغام میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کا ذکر کیا۔ تعاون کے شعبوں میں علاقائی ثالثی، اہم معدنیات، توانائی، انسدادِ دہشت گردی، ثقافتی ورثہ، تجارت اور سرمایہ کاری شامل ہیں۔امریکہ اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں علاقائی ثالثی کے لیے پاکستان کی کوششوں کی اہمیت بھی بڑھ گئی ہے۔ پاکستان نے واشنگٹن اور تہران دونوں کے ساتھ اپنے تعلقات کو بروئے کار لاتے ہوئے مذاکرات کی سہولت کاری اور کشیدگی میں کمی کے لیے کردار ادا کرنے کی کوششیں کی ہیں۔تقریب کے دوران پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے رہنما اور ثقافتی سفیر وقار علی خان کو کئی دہائیوں پر محیط خدمات کے اعتراف میں صدراتی تمغہ برائے حسنِ کارکردگی سے بھی نوازا گیا۔