Monday, November 23

نیٹو کی انٹیلی جنس کا دعویٰ، روس رواں سال جوہری ہتھیار سے لیس سیٹلائٹ خلا میں بھیجنے کی تیاری کر رہا ہے

NATO Intelligence Suggests Russia Plans to Launch Nuclear-Armed Satellite into Space

نیٹو، 23 نومبر 2026 (کامران راجہ): نیٹو کے رکن ممالک کی انٹیلی جنس ایجنسیوں کا خیال ہے کہ روس رواں سال جوہری ہتھیار سے لیس ایک سیٹلائٹ خلا میں بھیجنے کی تیاری کر رہا ہے۔ جرمن میڈیا اداروں کی رپورٹس کے مطابق اسپوتنک ایس  نامی یہ سیٹلائٹ کئی سال قبل تیار کیا گیا تھا اور اس وقت ماسکو کے علاقے میں موجود ہے۔ جرمن نشریاتی اداروں این ڈی آر اور ڈبلیو ڈی آر جبکہ اخبار زوڈ ڈوئچے زائتونگ نے مغربی انٹیلی جنس اداروں، جن میں جرمنی کی وفاقی انٹیلی جنس سروس (بی این ڈی) اور مسلح افواج بھی شامل ہیں، کے درمیان تبادلہ کی گئی معلومات کی بنیاد پر یہ رپورٹ جاری کی۔ دوسری جانب کریملن نے ان خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان میں غیر مصدقہ دعوے شامل ہیں اور انہیں سنجیدگی سے نہیں لینا چاہیے۔ کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا کہ ماسکو نے ایسی کوئی رپورٹ نہیں دیکھی اور ان الزامات کی ساکھ پر بھی سوال اٹھایا۔ روس نے 2024 میں امریکی حکام کے ان دعوؤں کی بھی تردید کی تھی کہ وہ خلا میں جوہری دھماکے کے ذریعے مخالف ممالک کے سیٹلائٹس تباہ کرنے والا ہتھیار تیار کر رہا ہے۔ امریکی حکام کا الزام ہے کہ ماسکو کئی برس سے ایسا جوہری ہتھیار تیار کر رہا ہے جو سیٹلائٹس کے پورے نیٹ ورک کو تباہ یا ناکارہ بنا سکتا ہے، جن میں اسپیس ایکس کا وسیع اسٹارلنک انٹرنیٹ نظام بھی شامل ہے، جسے یوکرینی فوج جاری جنگ کے دوران استعمال کر رہی ہے۔