
سیالکوٹ، 9 نومبر 2026 (کامران راجہ): وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی بڑھتی ہوئی آبادی اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے موجودہ انتظامی ڈھانچے میں اصلاحات ناگزیر ہوچکی ہیں۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام کی تجویز گزشتہ دو ماہ سے زیر بحث ہے اور ان کے خیال میں ملک میں مزید انتظامی یونٹس تشکیل دیے جانے چاہییں، کیونکہ دنیا کے مختلف ممالک میں بھی انتظامی ضروریات کے تحت ایسے اقدامات کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں 12 انتظامی یونٹس بنانے کی تجویز پر بھی عمل کیا جاسکتا ہے، تاہم ان کی تشکیل کے لیے زبان، نسل یا سیاسی مفادات کو بنیاد نہیں بنانا چاہیے۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان کی آبادی میں نمایاں اضافے کے باعث عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے انتظامی اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی ضروری ہے۔ افغانستان کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہاں صوبوں کی تعداد پہلے تقریباً 8 سے 10 تھی، جسے انتظامی تقسیم کے ذریعے بڑھا کر 30 سے 32 تک پہنچا دیا گیا۔ خواجہ آصف نے مزید کہا کہ صوبائی دارالحکومتوں میں مرکوز اختیارات انتظامی یونٹس کو منتقل کیے جانے چاہییں تاکہ لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور میں اختیارات کا ارتکاز ختم کیا جاسکے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ وفاقی حکومت کی جانب سے منتقل کیے جانے والے فنڈز اکثر صوبائی حکومتوں کی صوابدید کے تابع رہتے ہیں، حالانکہ ان وسائل کا اصل مقصد بلدیاتی اداروں کو مستحکم کرنا اور عوام کو سہولیات فراہم کرنا ہے۔ وزیر دفاع نے زور دیا کہ سیاستدانوں کو اس حقیقت کا ادراک کرنا چاہیے کہ اقتدار اور اختیارات عوام کی امانت ہیں، تاہم بدقسمتی سے عمومی سیاسی سوچ تمام اختیارات اپنے ہاتھوں میں رکھنے کی خواہش پر مبنی ہے، جبکہ ان اختیارات کو عوام تک منتقل کیا جانا چاہیے۔