Friday, July 31

موومنٹ نے اپنی اب تک کی سب سے بڑی کلیکشن “لیاری” متعارف کرا دی، کراچی کی اسٹریٹ کلچر کو خراجِ تحسین

کراچی، 31 جولائی 2026 (کامران راجہ): پاکستان کے معروف اسٹریٹ ویئر برانڈ موومنٹ  نے اپنی اب تک کی سب سے بڑی کلیکشن “لیاری”  لانچ کر دی ہے۔ 28 ملبوسات پر مشتمل اس خصوصی کلیکشن کے ساتھ ایک اوریجنل میوزک اینتھم بھی جاری کیا گیا ہے، جسے قاسم اظہر نے پروڈیوس کیا ہے، جبکہ اس میں پاکستان کی معروف ریپر ایوا بی اور لیاری سے تعلق رکھنے والے ریپرز نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔ یہ منصوبہ کراچی کے تاریخی اور ثقافتی علاقے لیاری کی بھرپور تخلیقی شناخت کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔ وسیم اکرم کے ساتھ مشہور +92 کلیکشن اور آرٹسٹ عدیل الزفر کے ساتھ کامیاب اشتراک کے بعد موومنٹ نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ وہ فیشن کو محض رجحانات کے بجائے ثقافت، شناخت اور مقامی کہانیوں کے ساتھ جوڑنے پر یقین رکھتا ہے۔ “لیاری” کلیکشن برانڈ کے تین سالہ سفر کا ایک اہم سنگِ میل ہے، کیونکہ یہ پہلی کلیکشن ہے جو مکمل طور پر ایک ہی کمیونٹی کے اندر رہ کر اور وہاں کے لوگوں کے تعاون سے تخلیق کی گئی ہے۔

لیاری کو پاکستان میں فٹبال کی نرسری، ریپ موسیقی کے مرکز اور اسٹریٹ آرٹ کی ایک منفرد روایت کا گہوارہ سمجھا جاتا ہے۔ اس بھرپور ثقافتی ورثے کے باوجود لیاری کی اصل شناخت کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر وہ توجہ نہیں مل سکی جس کی وہ مستحق ہے۔ اس کلیکشن کے ذریعے موومنٹ نے لیاری کی تخلیقی صلاحیت، حوصلے اور منفرد ثقافت کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کی کوشش کی ہے۔ روایتی فیشن مہمات کے برعکس “لیاری” کلیکشن کی تخلیق کا آغاز کسی ڈیزائن بورڈ سے نہیں بلکہ لیاری کی گلیوں، فٹبال گراؤنڈز، موسیقی کے اسٹوڈیوز، اسٹریٹ آرٹسٹس اور روزمرہ زندگی سے کیا گیا۔ اس کلیکشن میں لیاری کی زبان، رنگوں اور ہاتھ سے بنائے گئے گرافکس کو نمایاں کیا گیا ہے، جبکہ “لیاری دل ہے جانی” جیسے مقامی جملوں کو بھی ڈیزائن کا حصہ بنایا گیا ہے، جو اس علاقے کی منفرد شناخت کی عکاسی کرتے ہیں۔

کلیکشن کے ساتھ جاری کیا گیا اصل میوزک اینتھم ایوا بی اور لیاری کے مقامی ریپرز نے ریکارڈ کیا ہے، جبکہ اس کی موسیقی قاسم اظہر نے ترتیب دی ہے۔ یہ گیت لیاری کی زبان، اندازِ گفتگو، مزاح، رفتار اور حقیقی ماحول کو بغیر کسی تبدیلی یا سمجھوتے کے پیش کرتا ہے۔ یہ صرف ایک تشہیری گیت نہیں بلکہ لیاری کی اصل آواز اور وہاں کے لوگوں کے تجربات کی سچی نمائندگی ہے۔اس اینتھم کی میوزک ویڈیو بھی مکمل طور پر لیاری میں فلمائی گئی ہے، جس میں پیشہ ور اداکاروں کے بجائے مقامی رہائشیوں کو شامل کیا گیا ہے، تاکہ اس مہم کی اصل روح اور مقامی شناخت کو برقرار رکھا جا سکے۔

عالمی معیار اور بین الاقوامی فیشن کے تقاضوں کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا یہ 28 ملبوسات پر مشتمل کلیکشن جدت، نفاست اور اعلیٰ کاریگری کا حسین امتزاج پیش کرتا ہے۔ تاہم اس کی بنیاد لیاری کی ثقافت اور شناخت پر قائم ہے۔ ہر لباس اس انداز سے ڈیزائن کیا گیا ہے کہ وہ لیاری کی گلیوں میں بھی اتنا ہی موزوں نظر آئے جتنا دنیا کے بڑے فیشن مراکز میں۔ “لیاری” اینتھم اس وقت اسپاٹیفائی، ایپل میوزک، یوٹیوب اور دیگر بڑے اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر دستیاب ہے، جبکہ مکمل “لیاری” کلیکشن موومنٹ کے آفیشل ریٹیل چینلز کے ذریعے حاصل کی جا سکتی ہے۔ موومنٹ پاکستان کا ایک نمایاں اسٹریٹ ویئر برانڈ ہے جو مقامی ثقافت، فن اور تخلیقی اظہار کو جدید فیشن کے ذریعے فروغ دینے کے لیے سرگرم ہے۔ ثقافتی شخصیات اور فنکاروں کے ساتھ منفرد اشتراکات کے ذریعے یہ برانڈ پاکستانی اسٹریٹ ویئر کی نئی پہچان قائم کر رہا ہے اور مقامی کہانیوں، کمیونٹیز اور تخلیقی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر متعارف کرا رہا ہے۔