بتاریخ 8 جون2025(کامران راجہ): یوم شہدائے اے ایس ایف ہیڈکوارٹرز سمیت فورس کے تمام یونٹس میں انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔اس دن کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے ملک بھر کے تمام ائیرپورٹس پر پر وقار تقاریب منعقد کی گئیں۔
دن کا آغاز اے ایس ایف کے تمام گیریژنز میں تلاوتِ قرآن پاک اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا۔ تمام یونٹس میں شہداء کی قبروں پر خصوصی دستوں نے باقاعدہ گارڈ آف آنر پیش کیا اور ان کی مغفرت و بلندیٔ درجات کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ بعد ازاں شہداء کے لواحقین سے ملاقات کی گئی اور ان کے پیاروں کی لازوال قربانیوں کو سلام و خِراج عقیدت پیش کیا گیا۔ تمام گیریژنز میں چیف سیکیورٹی آفیسرز اور آفیسرز کمانڈنگز نے ڈائریکٹر جنرل اے ایس ایف کا خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا، جس میں شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
اس ضمن میں مرکزی تقریب اے ایس ایف ہیڈ کوارٹرز کراچی میں منعقد ہوئی۔ ڈائریکٹر جنرل اے ایس ایف نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے اجتماعی دعا کی۔ بعد ازاں تقریب میں شہداء پاکستان کی لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل اے ایس ایف میجر جنرل عدنان آصف جاہ شاد ہلالِ امتیاز (ملٹری ) نے اپنے پیغام میں کہا کہ 8 جون 2014 شہدائے اے ایس ایف کی تاریخ کا سنہرا باب ہے جب اے ایس ایف کے شہداء اور غازیوں نے وطن عزیز کے کراچی ائیرپورٹ کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ۔مادر وطن کی خاطر جان نچھاور کرنے والے بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیوں کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا اور آئندہ بھی وطن عزیز کی خاطر کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا۔
ڈائریکٹر جنرل اے ایس ایف نے مذید کہا کہ حال ہی میں افواجِ پاکستان کی “معرکۂ حق” میں کامیابی ،اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ جب کبھی دشمن ارضِ وطن کی طرف میلی آنکھ سے دیکھتا ہے، تو پوری قوم اور افواجِ پاکستان ایک سیسہ پلائی دیوار بن کر اس کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیتی ہیں۔ پاک فوج، اے ایس ایف اور دیگر سیکیورٹی ادارے مل کر ایک ناقابلِ تسخیر دفاعی حصار بن چکے ہیں، جس کی بنیاد ہمارے شہداء کے پاک لہو پر استوار ہے۔ اے ایس ایف کے افسران اور جوان ائیرپورٹس کی حفاظت کیلئے اپنی بہترین پیشہ ورانہ مہارت اور جذبہ ایمانی سے دشمن کی ہر تخریبی کوشش کو ناکام بنانے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔