لاہور، 14 ستمبر 2026 (نوشین): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی صاحبزادی ماہ نور صفدر کے نکاح کی تصاویر سوشل میڈیا پر منظرعام پر آتے ہی توجہ کا مرکز بن گئیں، جہاں صارفین دلہا دلہن کی تصاویر مختلف پلیٹ فارمز پر شیئر کر رہے ہیں۔ ماہ نور صفدر کا معروف صنعتکار کے بیٹے اذان جبار کے ساتھ نکاح ہفتہ کے روز جاتی امرا میں ایک پروقار مگر محدود خاندانی تقریب میں ہوا، جس میں شریف خاندان کے افراد، قریبی رشتہ داروں اور اہم سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔ وزیراعظم شہباز شریف خصوصی طور پر نکاح میں شرکت کے لیے جاتی امرا پہنچے، جبکہ سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف، ماہ نور کے والد کیپٹن (ر) محمد صفدر، حسن نواز اور حسین نواز بھی تقریب میں موجود تھے۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب سمیت دیگر اہم شخصیات نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ شادی کی تصاویر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ماہ نور صفدر کو مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ شادی کی تقریب اور دلہا دلہن کے لباس سے متعلق تصاویر اور تبصرے بھی مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر نمایاں ہیں۔
