Saturday, August 8

محسن نقوی کی 78 افراد کے لیے سول اعزازات کی منظوری

اسلام آباد، 08 اگست 2026 (غفران): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملک کے لیے قربانیاں دینے والے شہداء اور غیر معمولی بہادری و شجاعت کا مظاہرہ کرنے والے غازیوں سمیت 78 افراد کے لیے مختلف سول اعزازات کی منظوری دے دی۔اسلام آباد میں گیلنٹری ایوارڈز کمیٹی کا خصوصی اجلاس وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت ہوا، جس میں مختلف کیٹیگریز میں 78 افراد کے لیے سول اعزازات کی منظوری دی گئی۔اجلاس کے دوران ملک کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی خدمات اور قربانیوں جبکہ غیر معمولی جرات و بہادری کا مظاہرہ کرنے والے افراد کی خدمات کو سراہا گیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ملک کے لیے قربانی دینے والوں اور غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کرنے والوں کی حوصلہ افزائی اور انہیں اعزاز دینا قومی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ قوم اپنے شہداء اور غازیوں کی ناقابل فراموش قربانیوں کی ہمیشہ مقروض رہے گی، جبکہ ان کی عظیم قربانیاں قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں۔اجلاس میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وفاقی سیکریٹری داخلہ، ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے، ایڈیشنل سیکریٹری کابینہ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی، جبکہ چاروں صوبوں کے نمائندگان نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔