لوک میلہ میں دوسرے صوبوں کی طرح کشمیرکی بھرپور ثقافت، دستکاری، لوک موسیقی، رسومات اور روایات کی میلے میں مخصوص شعبوں کے دستکاروں، لوک فنکاروں اور موسیقاروں کی شرکت کو دکھایا جا رہا ہے۔ میلے میں آذاد جمہوں کشمیر سے 25 سے زائد دستکار و فنکار حصہ لیے رہے ہیں۔ ان ہنرمندوں میں ذوالفقار غازی، یاسمین مصطفیٰ، شہزادی بانو، امجد علی، عرفان غلام نبی، خواجہ محمد صدیق، رضوانہ نورین، قاضی عبدالرزاق، شیخ محمد یوسف، نجمہ حفیظ، جمال ظفر اور غلام مصطفیٰ شامل ہیں۔
ان ممتاز ہنرمندوں میں ذوالفقار غازی مشہور کشمیری فن پیپرماشی میں مہارت رکھتے ہیں۔ وہ نہ صرف پیپر ماشی اور منی ایچر کے فن میں مہارت رکھتے ہیں بلکہ اسٹین گلاس، فیبرک ڈیزائنگ اور روائتی فرنیچرکی پینٹنگ میں فطرت، پھولوں کی شکلوں، پرندوں، جانوروں، مغل بادشاہوں کی پینٹنگ میں بھی کمال رکھتے ہیں۔غازی مغلوں کے سنہری دور کو برقرار رکھنے اور اسے ذندہ کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔ انہوں نے ملک اور بیرونِ ملک متعدد میلوں اور نمائشوں میں شرکت کی اور اپنی صلاحیتوں کے اعتراف میں نقد انعامات اور اسناد حاصل کیں۔ دوسرے عرفان غلام نبی ہیں وہ وادیِ کشمیر سے لکڑی کی تراش خراش میں ایک ماہر ہنرمندہیں۔ انہوں نے یہ فن اپنے آباؤاجداد سے سات سال کی عمر میں سیکھا۔
بھارتی قابض افواج کی جابرانہ پالیسوں کی وجہ سے اِن کا خاندان پاکستان ہجرت کر آیا اور مستقل طور پر راولپنڈی آباد ہو گیا۔ وہ کئی طلباء کو تربیت دے رہے ہیں۔ اس طرح نوجوان نسل تک اپنے فن کے تسلسل کو یقینی بنا رہے ہیں۔ عرفان اخروٹ کی لکڑی، دیودار اور شیشم کا استعمال کرتے ہوئےشاندار تراشے ہوئے میز، دروازے، بکس اور آرائشی اشیاء تیار کرتے ہیں۔ وہ اکثر اخروٹ کی لکڑی کا استعمال کرتے ہوئے انتہائی پیچیدہ تراشی ہوئی اشیاء تیار کرتے ہیں۔ وہ فطرت، پتوں کے نمونے، جانور اور پھولوں کے ڈیزائن تراشتے ہیں۔ عرفان نے بھی ملک اور بیرونِ ملک کئی میلوں اور نمائشوں میں حصہ لیا۔ وہ ہر سال لوک میلے میں شرکت کرتے ہیں۔ مورخہ 14 نومبرشام 7بجے لوک ورثہ اوپن ایئر تھیٹر میں محکمہ ثقافت آذادکشمیر کی جانب سے محفلِ موسیقی کا اہتمام کیا گیا جس میں آذاد کشمیرکے مشہور لوک فنکاروں نے حصہ لیا جن میں بدر خان، الطاف احمد میر، عاشق بٹ،سہیل عباسی،دلاور عباس، حناءعباسی، شکیل احمد میر، نادر علی، سجادشاہ، بابرپنجکوٹی، بانو رحمت، عبدالباسط، نعمان سلیم اور راجہ انوار شامل تھےیہ میلہ اتوار 17 نومبر رات 10 بجے تک اپنی تمام رنگینیوں کے ساتھ جاری رہے گا۔