Monday, October 19

قلات اور گوادر میں آپریشنز کے دوران پاک فوج کے میجر شہید، چار دہشت گرد ہلاک

Major Martyred, Four Terrorists Eliminated in Kalat and Gwadar Operations

راولپنڈی، 19 اکتوبر 2026 (کامران راجہ): بلوچستان کے اضلاع قلات اور گوادر میں سیکیورٹی فورسز کی انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں کے دوران پاک فوج کے ایک میجر شہید جبکہ چار دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شہید افسر کی شناخت میجر وجاہت وحید کے نام سے ہوئی ہے، جو ضلع گوادر کی تحصیل پسنی کے علاقے شادی کور میں کلیئرنس آپریشن کے دوران دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد (آئی ای ڈی) کے دھماکے میں شہید ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق انٹیلی جنس اداروں نے قلات کے علاقے جٹک آباد اور گوادر کی تحصیل پسنی کے علاقے شادی کور میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کی موجودگی کی اطلاع دی تھی، جو مقامی آبادی کے لیے خطرہ بن رہے تھے۔ 18 اکتوبر کو سیکیورٹی فورسز نے قلات کے علاقے جٹک آباد میں انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا، جس کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد چار دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ علاقے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ دوسری جانب گوادر کی تحصیل پسنی کے علاقے شادی کور میں دہشت گردوں کے خاتمے اور علاقے کو محفوظ بنانے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری تھا کہ سیکیورٹی فورسز کے دستے کو دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں دستے کی قیادت کرنے والے میجر وجاہت وحید شہید ہوگئے۔ 34 سالہ میجر وجاہت وحید کا تعلق لاہور سے تھا اور انہوں نے وطن کے دفاع میں فرائض کی انجام دہی کے دوران اپنی جان قربان کی۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے قلات اور پسنی میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا اور میجر وجاہت وحید کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ اپنے بیان میں وزیر داخلہ نے شہید افسر کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میجر وجاہت نے ملک میں امن کے لیے اپنی جان قربان کی اور ان کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ میجر وجاہت اور دیگر شہداء کا بہنے والا خون ملک کی سلامتی اور تحفظ کی ضمانت ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ شہید میجر وجاہت وحید ہمیشہ قوم کے دلوں میں زندہ رہیں گے اور قوم ان کی عظیم قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔