
اسلام آباد، 27 ستمبر، 2026 (نوشین): ریاستِ فلسطین کے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس سے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے خطاب میں فلسطینی بچوں سے متعلق ریمارکس کو اجاگر کیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خطاب میں فلسطینی بچوں کی ہلاکتوں اور غزہ کی انسانی صورتحال کی جانب توجہ دلائی اور فلسطینی عوام کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔ فلسطین کے سرکاری ایکس اکاؤنٹ نے وزیراعظم کے خطاب کے اقتباسات شیئر کیے، جن میں ہند رجب کا حوالہ بھی شامل تھا، جن کی ہلاکت کا ذکر وزیراعظم نے گزشتہ سال جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں کیا تھا، جبکہ رواں سال کے خطاب میں انہوں نے آٹھ سالہ فلسطینی بچی وفا عقیلہ کی ہلاکت کا بھی ذکر کیا۔ وزیراعظم نے سوال اٹھایا کہ کیا غزہ میں پیدا ہونے والے بچے کو بھی دنیا کے دیگر بچوں کی طرح زندگی، مستقبل اور اپنے خواب پورے کرنے کا مساوی موقع نہیں ملنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہند رجب، وفا عقیلہ اور دیگر فلسطینی بچوں کے سانحات تاریخ کے ریکارڈ کا حصہ رہیں گے اور فلسطینی شہریوں کی مشکلات پر عالمی برادری کی زیادہ توجہ کی ضرورت پر زور دیا۔ فلسطین کے سرکاری اکاؤنٹ کی جانب سے وزیراعظم کے ان ریمارکس کو اجاگر کرنا اقوام متحدہ کے عالمی فورم پر پاکستان کی جانب سے فلسطینی عوام کی حمایت کے مؤقف کی عکاسی کرتا ہے۔