Tuesday, November 17

غزہ: اسرائیلی فضائی حملے میں حماس کے سینئر کمانڈر ہلاک

Senior Hamas Commander Killed in Israeli Airstrike in Gaza

غزہ، 15 نومبر 2026 (غفران): اسرائیلی فضائی حملے میں حماس کے سینئر کمانڈر سمیر ابو یونس ہلاک ہو گئے، جو 7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل پر ہونے والے حملے کی منصوبہ بندی اور نگرانی میں شامل تھے۔ حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے اتوار کو تصدیق کی کہ 53 سالہ سمیر ابو یونس ہفتے کے روز جنوبی غزہ میں اسرائیلی فضائی حملے کا نشانہ بنے۔ اسرائیلی فوج نے بھی ان کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہیں رات گئے جنوبی غزہ کی پٹی میں ایک فضائی حملے کے دوران نشانہ بنایا گیا۔ وہ 15 ستمبر کو اپنے پیش رو نائل ابو عبید کی ہلاکت کے بعد رفح بریگیڈ کے کمانڈر مقرر ہوئے تھے۔ طبی ذرائع کے مطابق خان یونس کے علاقے المواصی میں ایک سڑک پر انہیں نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں وہ ہلاک جبکہ متعدد دیگر افراد زخمی ہو گئے۔ حماس کے مطابق سمیر ابو یونس نے 1991 میں تنظیم کے عسکری ونگ میں شمولیت اختیار کی تھی اور بریگیڈ کمانڈر بننے سے قبل رفح میں کئی اہم عسکری و عملی ذمہ داریاں انجام دیں۔ حماس نے بتایا کہ ان کی نماز جنازہ اتوار کی سہ پہر خان یونس میں ادا کی جائے گی۔ اکتوبر 2025 میں ہونے والی جنگ بندی کے بعد اسرائیل اور حماس کے درمیان بڑے پیمانے پر لڑائی تو رک گئی تھی، تاہم غزہ میں اسرائیلی حملے جاری ہیں اور حماس کو غیر مسلح کرنے کا معاملہ بھی حل طلب ہے۔ غزہ کے محکمہ صحت کے حکام کے مطابق جنگ بندی کے نفاذ کے بعد اب تک کم از کم 1,600 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ پانچ اسرائیلی فوجی بھی مارے گئے ہیں۔ فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ 7 اکتوبر 2023 کے حملے کے بعد غزہ پر اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں اب تک 74 ہزار سے زائد فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔ واضح رہے کہ 7 اکتوبر کے حملے میں حماس کی قیادت میں لڑنے والے مسلح افراد نے جنوبی اسرائیل میں تقریباً 1,200 افراد کو ہلاک کیا تھا۔