Saturday, August 8

صومالیہ کے وزیرِ دفاع کی نیول ہیڈکوارٹرز میں سربراہ پاک بحریہ سے ملاقات

اسلام آباد، 06 اگست 2026 (کامران راجہ): وفاقی جمہوریہ صومالیہ کے وزیرِ دفاع احمد معلم فقی نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔ نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر صومالی وزیرِ دفاع کا چیف آف دی نیول اسٹاف نے پرتپاک استقبال کیا۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور، علاقائی بحری سلامتی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون کے فروغ سے متعلق مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان صومالیہ کے ساتھ اپنے سفارتی اور عسکری تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان پائیدار، طویل المدتی اور ہمہ جہت شراکت داری کے فروغ کا خواہاں ہے، بالخصوص بحری سلامتی، دفاعی تعاون اور پیشہ ورانہ عسکری روابط کے شعبوں میں۔صومالی وزیرِ دفاع نے علاقائی بحری سلامتی کے قیام کے لیے پاک بحریہ کے فعال کردار اور قابلِ قدر خدمات کو سراہا۔ انہوں نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور کردار کی بھی تعریف کی۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے باہمی دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے، مختلف شعبوں میں اشتراک کو مضبوط بنانے اور پاکستان و صومالیہ کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔