Wednesday, December 18

صدر مملکت آصف علی زرداری کا پاکستان اور یو اے ای کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور

صدر مملکت آصف علی زرداری کا پاکستان اور یو اے ای کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور The Pakistan Times Pakistan Times
اسلام آباد۔17دسمبر  (کامران راجہ) : صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے درمیان تعلقات کو “مذہب، اعتماد اور باہمی احترام” پر مبنی ایک مضبوط رشتہ قرار دیتے ہوئے انہیں مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔وہ منگل کو اسلام آباد میں یو اے ای کے 53ویں قومی دن “عید الاتحاد” کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ تقریب میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف، پاکستان میں یو اے ای کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی، سفارتی برادری کے ارکان اور سرکاری حکام نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان یو اے ای کے ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی، قابل تجدید توانائی، زراعت اور سیاحت جیسے اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔
انہوں نے یو اے ای کے کاروباری اداروں کو پاکستان کی معیشت بشمول پاکستان سٹاک ایکسچینج، قابل تجدید توانائی اور دیگر مواقع سے بھرپور شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی، کیونکہ ملک ایک سرمایہ کاری دوست ماحول پیش کرتا ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ پاک-یو اے ای تعلقات ایک قابل اعتماد سٹریٹجک شراکت داری میں ڈھل چکے ہیں جو سیاسی، معاشی اور سماجی پہلوئوں پر محیط ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو اے ای پاکستان کا ایک اہم ترین معاشی شراکت دار اور ملک میں سرمایہ کاری کرنے والا بڑا ملک ہے۔صدر مملکت نے کہاکہ حال ہی میں سمندری، لاجسٹکس اور ہوابازی جیسے متنوع شعبوں میں کئی معاہدوں پر دستخط یو اے ای کی پاکستان کی معاشی صلاحیت پر غیر متزلزل حمایت اور اعتماد کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دوطرفہ تعاون مزید مضبوط ہوگا۔تاریخی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان وہ پہلا ملک تھا جس نے یو اے ای کے قیام سے قبل ہی اس کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کیے۔
انہوں نے پاکستان کے مشکل وقتوں میں یو اے ای کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔صدر مملکت نے یو اے ای میں مقیم 18 لاکھ پاکستانیوں کے کردار کو بھی سراہا جو دونوں ممالک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ عوامی تعلقات ہمارے ممالک کے درمیان باہمی اعتماد اور خیر سگالی کی عمدہ مثال ہیں۔صدر مملکت نے یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان، نائب صدر اور وزیر اعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم اور عوام کو یو اے ای کے قومی دن پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔صدر مملکت نے کہا کہ یو اے ای نے اتحاد کے بعد سے بے مثال ترقی کی ہے اور تجارت، سرمایہ کاری اور سیاحت کا عالمی مرکز بن چکا ہے۔ انہوں نے یو اے ای کی خوشحالی کی بنیاد رکھنے پر مرحوم شیخ زاید بن سلطان النہیان کی بصیرت افروز قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔صدر مملکت نے مختلف شعبوں میں یو اے ای کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے پاکستان کی طرف سے یو اے ای کے ساتھ مضبوط تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔