Thursday, November 19

شہزادہ ولیم کا ممبئی میں کرن جوہر کے فلمی اسٹوڈیو کا دورہ، بالی ووڈ پرفارمنس سے محظوظ

Prince William Visits Karan Johar’s Film Studio, Watches Bollywood Performances in Mumbai

ممبئی، 19 نومبر 2026 (غفران): برطانیہ کے شہزادہ ولیم نے بھارت کے دورے کے آخری روز ممبئی میں معروف بالی ووڈ فلم ساز کرن جوہر کے پروڈکشن اسٹوڈیو دھرمہ پروڈکشنز کا دورہ کیا اور بالی ووڈ گانوں پر رقص کرنے والے فنکاروں کی پرفارمنس دیکھی، جبکہ ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن نے شہر کے ایک زچہ بچہ اسپتال کا دورہ کرکے طبی عملے سے ملاقات کی۔ شاہی جوڑے نے بھارت کے مالیاتی مرکز ممبئی میں تین روز قیام کیا، جس کے بعد وہ نئی دہلی روانہ ہوئے جہاں انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی سے بھی ملاقات کی۔ ممبئی میں دونوں نے الگ الگ مصروفیات میں حصہ لیا، شہزادہ ولیم نے کرن جوہر کے زیر انتظام معروف فلمی ادارے دھرمہ پروڈکشنز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مشہور بالی ووڈ فلم ’کبھی خوشی کبھی غم‘ کے مقبول گانے ’بولے چوڑیاں‘ پر فنکاروں کی رقص پرفارمنس دیکھی۔ اس موقع پر شہزادہ ولیم مسکراتے اور تالیاں بجاتے رہے، جبکہ بالی ووڈ اداکار سیف علی خان اور کرینہ کپور بھی موجود تھے۔ دورے کے بعد فلم ساز کرن جوہر نے شہزادہ ولیم کو خوش اخلاق اور مہربان شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے درمیان بھارتی سنیما کے امکانات اور مختلف بھارتی زبانوں میں بننے والی فلموں کی عالمی مقبولیت کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔ شاہی جوڑے کے دورہ ممبئی کے دوران سابق بھارتی کرکٹر سچن ٹنڈولکر کے ساتھ کرکٹ کھیلنا، دستکاری کے ایک اسکول کا دورہ اور ارتھ شاٹ پرائز کی تقریب میں شرکت بھی شامل تھی، جو ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے شہزادہ ولیم کی جانب سے چھ سال قبل شروع کیا گیا تھا۔ کیٹ مڈلٹن نے بھی منگل کی شب منعقدہ تقریب میں ایک ایوارڈ پیش کیا، اس موقع پر انہوں نے بھارتی طرز کا سرخ لباس زیب تن کیا ہوا تھا۔ کینسر کے علاج کے بعد یہ ان کا نمایاں ترین بیرون ملک دورہ قرار دیا جا رہا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہزادہ ولیم نے موسمیاتی تبدیلیوں کے بڑھتے ہوئے اثرات پر تشویش کا اظہار کیا اور دنیا بھر میں بار بار آنے والی شدید گرمی کی لہروں اور تباہ کن سیلابوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کرہ ارض ایک اہم موڑ پر کھڑا ہے اور ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔