Saturday, November 7

شمالی کوریا کا جدید فضائی دفاعی میزائل نظام کا تجربہ، طویل فاصلے تک مار کرنے والے کروز میزائل کی مشق بھی

North Korea Tests Advanced Air-Defence Missile System, Fires Strategic Cruise Missile

اسلام آباد، 5 نومبر 2026 (کامران راجہ): شمالی کوریا نے جدید ڈیزائن کے حامل فضائی دفاعی میزائل نظام کا تجربہ کرنے کے ساتھ طویل فاصلے تک مار کرنے والے اسٹریٹجک کروز میزائل کے ذریعے فرضی ہوائی اڈے کو نشانہ بنانے کی مشق بھی کی ہے۔ شمالی کوریا کے سرکاری خبر رساں ادارے کورین سینٹرل نیوز ایجنسی (کے سی این اے) کے مطابق سینٹرل ملٹری کمیشن کے رکن جنرل کم جونگ سک نے بدھ کے روز فضائی دفاعی میزائل نظام کے تجربے کی نگرانی کی، جس کا مقصد اس کی تکنیکی صلاحیتوں اور عملی کارکردگی کا جائزہ لینا تھا۔ خبر رساں ادارے کے مطابق تجربے سے نئے میزائل کی جدید رہنمائی کی صلاحیت، اہداف کی شناخت اور تعاقب کرنے کی استعداد سمیت نگرانی اور معلومات کی پراسیسنگ کے نظام کی کارکردگی کی تصدیق ہوئی۔ اسی روز شمالی کوریا کے مشرقی علاقے میں تعینات فوجی یونٹ نے طویل فاصلے تک مار کرنے والے اسٹریٹجک کروز میزائل کے ذریعے فائرنگ کی مشق کی، جس میں فرضی ہوائی اڈے کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔ ایک ہفتے کے دوران پیانگ یانگ کی جانب سے یہ چوتھا میزائل سے متعلق تجربہ ہے۔ اس سے قبل شمالی کوریا نے گزشتہ جمعرات کو 600 ملی میٹر کے انتہائی درستگی کے حامل متعدد راکٹ لانچر، ہفتے کے روز ٹیکٹیکل بیلسٹک میزائلوں پر نصب کلسٹر بم وارہیڈز اور پیر کے روز اسٹریٹجک کروز میزائل کے لیے منتشر ہونے والے وارہیڈ کا تجربہ کیا تھا۔ شمالی کوریا کے مسلسل میزائل تجربات ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب جنوبی کوریا اور امریکا مشترکہ فوجی مشقیں کر رہے ہیں اور جزیرہ نما کوریا میں کشیدگی برقرار ہے۔ جنوبی کوریا نے پیانگ یانگ پر 21 ستمبر کو غیر فوجی علاقے (ڈی ایم زیڈ) میں ہونے والے دھماکے کا بھی الزام عائد کیا ہے، جس میں تین جنوبی کوریائی فوجی زخمی ہوئے تھے۔ شمالی کوریا نے ان الزامات کو مسترد کر دیا ہے اور کشیدگی کم کرنے کے لیے فوجی رابطوں کی بحالی سے متعلق جنوبی کوریا کی پیشکش پر تاحال کوئی جواب نہیں دیا۔