Thursday, October 8

شمالی وزیرستان آپریشن میں 4 کمانڈروں سمیت 9 دہشت گرد ہلاک

Nine Terrorists, Including Four Commanders, Killed in North Waziristan Operation

پشاور، 8 اکتوبر 2026 (غفران): سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں عزمِ استحکام مہم کے تحت انٹیلی جنس بنیادوں پر کیے گئے آپریشنز کے دوران 4 اہم کمانڈروں سمیت 9 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ ذرائع کے مطابق آپریشنز پالنگ زئی، ندیم کوٹ اور کوٹ خضری کے علاقوں میں کیے گئے، جہاں سکیورٹی اہلکاروں نے فتنۃ الخوارج سے وابستہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں خالد رضا، کامران، موسیٰ اور مفتون نامی 4 کمانڈر بھی شامل ہیں۔ آپریشنز کے دوران دہشت گردوں سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا جبکہ ان کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ کردیے گئے۔ سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیاں کیں، جن کے نتیجے میں علاقے میں سرگرم اہم دہشت گرد عناصر کو ہلاک کیا گیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور 4 کمانڈروں سمیت 9 دہشت گردوں کی ہلاکت پر فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بہادری کو سراہا۔ صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گرد نیٹ ورکس، ان کے غیر ملکی معاونین اور مقامی سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور عزمِ استحکام کے تحت آپریشنز اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ نہیں ہوجاتا۔