
اسلام آباد، 26 ستمبر 2026 (غفران): اسلام آباد کی سول عدالت نے عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ ہونے پر کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے چیئرمین کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔ سول جج نصیرالدین نے عدالتی ڈگری پر عملدرآمد سے متعلق درخواست کی سماعت کے دوران یہ حکم جاری کیا۔ متاثرہ فریقین کے وکیل بیرسٹر عادل عزیز قاضی اور دیگر نے عدالت کو بتایا کہ سی ڈی اے نے درخواست گزاروں کے مکانات حاصل کر لیے تھے، تاہم تقریباً 28 سال گزرنے کے باوجود انہیں اتھارٹی کی بحالی پالیسی کے تحت وعدہ کیے گئے فوائد فراہم نہیں کیے گئے۔ وکلا نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالتی ڈگری پر تاحال مکمل عملدرآمد نہیں ہوا اور اس پر مؤثر اور مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی استدعا کی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سی ڈی اے چیئرمین کو مسلسل تین مرتبہ نوٹس جاری کیے جانے کے باوجود وہ عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ عدم تعمیل کا نوٹس لیتے ہوئے عدالت نے سی ڈی اے چیئرمین کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے اور متعلقہ حکام کو عدالتی حکم پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ عدالت نے خبردار کیا کہ احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں مزید قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔