Sunday, September 27

سیاحت کا فروغ پنجاب کی معیشت کو مضبوط اور روزگار کے مواقع پیدا کر سکتا ہے: مریم نواز

Tourism Development Can Boost Punjab Economy, Create Jobs: Maryam Nawaz

لاہور، 27 ستمبر، 2026 (غفران): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ صوبے میں سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں اور تاریخی، ثقافتی اور قدرتی ورثے کو فروغ دے کر معاشی ترقی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔ عالمی یوم سیاحت کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پنجاب کا تاریخی، ثقافتی اور قدرتی ورثہ ملکی و غیر ملکی سیاحوں کے لیے بڑی کشش رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں سیاحت کے فروغ اور سیاحتی مقامات پر جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے پائیدار اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ لاہور کو رواں سال سیاحتی اور ثقافتی دارالحکومت قرار دینے کے شنگھائی تعاون تنظیم کے فیصلے کا بھی خیرمقدم کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مری گلاس ٹرین، مری مال روڈ سمیت مختلف سڑکوں کی تعمیر و توسیع اور کوٹلی ستیاں کی سیاحتی ترقی جیسے منصوبے نئے سیاحتی مواقع پیدا کرنے میں معاون ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی سیاحت کے فروغ کے ساتھ ساتھ تاریخی قلعوں، مذہبی مقامات اور قدرتی وادیوں کو بھی سیاحوں کے لیے مزید پرکشش بنایا جا رہا ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ سیاحت کے فروغ سے نوجوانوں اور مقامی آبادیوں کے لیے روزگار اور معاشی مواقع پیدا ہوں گے اور صوبائی معیشت کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کے قدرتی حسن، تاریخی ورثے اور ثقافتی شناخت کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور پنجاب کے سیاحتی مقامات کو جدید سہولیات کے ذریعے مزید پرکشش بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔