Sunday, September 20

سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 5 دہشت گرد ہلاک، 23 یرغمالی بازیاب

Security forces kill 5 terrorists, rescue 23 hostages in Kalat highway operation

کوئٹہ، 20 ستمبر 2026 (کامران راجہ): سکیورٹی فورسز نے قلات کے قریب این-25 شاہراہ پر دہشت گردوں کی جانب سے عوامی آمدورفت متاثر کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو ہلاک اور 23 یرغمالیوں کو بحفاظت بازیاب کرا لیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے شاہراہ پر چیک پوسٹ قائم کر رکھی تھی جہاں وہ لوگوں کو اغوا، بھتہ خوری اور گاڑیاں چھیننے کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کیا جبکہ ان کے ٹھکانے سے بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق موقع سے 6 ٹرک، 3 بسیں اور 2 گاڑیاں بھی برآمد کی گئیں۔ بلوچستان بھر میں آپریشن ردالفساد 3 کے تحت دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں تیزی کے دوران پنجگور اور چاغی اضلاع میں بھی 11 بھارت نواز دہشت گرد ہلاک کیے گئے، جن میں گوڑگو میں 5 جبکہ امین آباد اور سیاہ چنگ کے علاقوں میں 6 دہشت گرد مارے گئے۔ کارروائیوں کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ ایک الگ واقعے میں خاران کی کالج روڈ پر دہشت گردوں نے مسافر گاڑی کو دیسی ساختہ بم کے ذریعے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 10 مزدور زخمی ہوگئے، جنہیں سکیورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر اسپتال منتقل کیا۔ تازہ کارروائیاں بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشنز کا حصہ ہیں، جن میں 4 ستمبر کو ہونے والی کارروائی بھی شامل ہے جس میں آئی ایس پی آر کے مطابق 72 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں 48 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔ بلوچستان بدستور دہشت گردی سے متاثرہ اہم علاقوں میں شامل ہے جہاں سکیورٹی فورسز انٹیلی جنس کی بنیاد پر مسلسل کارروائیاں کر رہی ہیں۔ سینٹر فار ریسرچ اینڈ سکیورٹی اسٹڈی کی رپورٹ کے مطابق 2026 کی دوسری سہ ماہی کے دوران خیبر پختونخوا اور بلوچستان ملک میں تشدد کے اہم مراکز رہے اور دونوں صوبوں میں مجموعی طور پر ملک بھر میں تشدد سے ہونے والی تقریباً 96 فیصد ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں۔