Thursday, September 19

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی جمہوریہ بیلاروس کے صدر سے ملاقات: کشمیر، فلسطین اور موسمیاتی مسائل پر بات چیت

 

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی جمہوریہ بیلاروس کے صدر سے ملاقات: کشمیر، فلسطین اور موسمیاتی مسائل پر بات چیت ThePakistanTimes PakistanTimes

 اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ کشمیر اور فلسطین میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں مہذب دنیا کی فوری توجہ کی منتظر ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جدید دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین اور کشمیر کا حل علاقائی امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔ غزہ میں جاری انسانیت سوز مظالم فلسطین عوام کی نسل کشی کے مترادف ہیں۔ جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے دنیا میں تمام تر تنازعات کو بات چیت اور گفت و شنید کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے۔ غزہ میں فوری جنگ بندی کیلئے اقوام عالم کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ اسپیکر نے موسمیاتی تبدیلیوں کے تباہ کن اثرات سے ہونے والے نقصانات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے والے ممالک میں پاکستان صفہ اول میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا زہریلی گیسوں کے اخراج میں حصہ نا ہونے کے برابر ہے لیکن اس کے باوجود پاکستان کو گزشتہ کئی سالوں سے درجہ حرارت میں مسلسل اضافے اور شدید بارشوں کی وجہ سے تباہ کن سیلابوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی موسمیاتی تبدیلی کے مسئلے پر عالمی سطح پر اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیلاروس کے شہر منسک میں جمہوریہ بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو سے ملاقات کے دوران کیا۔

اسپیکر نے دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بیلاروس کے مابین مشترکہ مفادات پر مبنی دوستانہ تعلقات میں ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید اضافہ ہو رہا ہے۔ پاکستان اور بیلاروس کے دوطرفہ تعلقات باہمی اعتماد اور احترام پر مبنی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں توانائی اور تجارت کے شعبوں میں وسیع مواقع موجود ہیں۔۔ دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے سے پاکستان اور بیلاروس کے درمیان اقتصادی، صنعتی اور زراعت کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات اور پارلیمانی سطح پر رابطوں اور تجارت کو بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

بیلاروس کے صدر لوکاشینکو نے کہا کہ بیلاروس پاکستان کے ساتھ اپنے قریبی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ صدر نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے کا اہم ملک ہے اور بیلاروس پاکستان کے ساتھ اپنے قریبی دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے پارلیمانی وفد کے دورہ بیلاروس کو دونوں ممالک کے درمیان رابطوں کے فروغ اور دوطرفہ پارلیمانی تعاون کو بڑھانے میں اہم سنگ میل قرار دیا۔

 

Editor : Kamran Raja