
راولپنڈی، 30 اکتوبر 2026 (کامران راجہ): سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویویئن بالاکرشنن نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، جس میں علاقائی سلامتی، دوطرفہ تعلقات اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق سنگاپور کے وزیر خارجہ نے پاکستان کے سرکاری دورے کے دوران جی ایچ کیو میں فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے اور عالمی سطح پر سکیورٹی کی بدلتی ہوئی صورتحال اور پاکستان و سنگاپور کے درمیان ادارہ جاتی تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی امن و استحکام سے متعلق امور پر اپنے خیالات کا تبادلہ کیا اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں مسلسل رابطوں، باہمی افہام و تفہیم اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ ملاقات میں پاکستان اور سنگاپور کے درمیان قریبی تعلقات برقرار رکھنے اور تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔