
لاہور، 13 اکتوبر 2026 (کامران راجہ): پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے نوجوان کرکٹر معاذ صداقت کو بچپن کا خواب پورا کرتے ہوئے پاکستان کی نمائندگی کرتے دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ رضوان نے اس موقع پر وہ وقت یاد کیا جب معاذ اپنے بھائی ہارون کے ہمراہ پشاور میں ان کے گھر آئے تھے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری پیغام میں رضوان نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے کل ہی کی بات ہو جب ایک نوجوان لڑکا قومی ٹیم کی نمائندگی کا خواب لے کر ان سے ملنے آیا تھا۔ ان کے مطابق اس لڑکے کی آنکھوں میں امید اور دل میں عزم تھا، اور آج اسی نوجوان کو پاکستان کی قومی جرسی میں دیکھ کر انہیں بے حد خوشی ہوئی ہے۔ رضوان نے امید ظاہر کی کہ یہ کامیابی معاذ کے شاندار کرکٹ کیریئر کا آغاز ثابت ہوگی اور ان کی مزید ترقی کے لیے دعا بھی کی۔ واضح رہے کہ معاذ صداقت نے حال ہی میں سری لنکا کے خلاف 96 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، جس کے بعد پاکستان کرکٹ میں ان کے روشن مستقبل کے حوالے سے توجہ بڑھ گئی ہے۔