کوئٹہ، 26 اگست 2026 (نوشین) — فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشت گرد بلوچستان میں امن، ترقی اور معاشی خوشحالی کو نقصان پہنچانے کے لیے معصوم شہریوں اور مزدوروں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ پشین کے علاقے سرانان میں مسلح دہشت گردوں کی جانب سے سڑک کی تعمیر میں مصروف مزدوروں پر فائرنگ کے نتیجے میں 5 مزدور شہید جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق مزدور علاقے میں سڑک کی تعمیر کا کام کر رہے تھے جب مسلح حملہ آوروں نے انہیں نشانہ بنایا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ مزدور روزگار کے سلسلے میں سرانان آئے تھے اور پھل فروخت کرنے کا کام بھی کرتے تھے۔ حکام کے مطابق حملے کا مقصد صوبے میں خوف و ہراس پیدا کرکے معاشی سرگرمیوں اور ترقیاتی عمل کو متاثر کرنا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ تجارتی سرگرمیوں، آمدورفت اور ترقیاتی منصوبوں کو نشانہ بنانے سے بلوچستان کے عوام روزگار اور معاشی مواقع سے محروم ہوسکتے ہیں۔ دہشت گرد اس سے قبل بھی معصوم شہریوں کو نشانہ بنا کر علاقے میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوششیں کرتے رہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق دہشت گرد عناصر نرم اہداف کو نشانہ بنا کر اور پُرامن معاشی سرگرمیوں میں خلل ڈال کر بلوچستان کو ترقی اور خوشحالی سے محروم رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ واقعے نے ایک بار پھر بلوچستان میں شہریوں، مزدوروں اور ترقیاتی سرگرمیوں کو درپیش دہشت گردی کے خطرے کو نمایاں کردیا ہے۔
