
کراچی، 13 اکتوبر 2026 (غفران): دو ایوارڈ یافتہ پاکستانی فنکاروں، حمرا عباس اور عمران قریشی، کے فن پارے اگلے ماہ منعقد ہونے والے پہلے فریز ابوظہبی آرٹ میلے میں پیش کیے جائیں گے، جس سے پاکستانی فن کو عالمی سطح پر متعارف کرانے میں خلیجی آرٹ گیلریوں اور ثقافتی اداروں کے بڑھتے ہوئے کردار کو اجاگر کیا جائے گا۔ یہ آرٹ میلہ 19 سے 22 نومبر تک متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں منارات السعدیات کے مقام پر منعقد ہوگا، جس میں 37 ممالک اور خطوں کے 64 شہروں سے 84 آرٹ گیلریاں شرکت کریں گی۔ لندن میں قائم بین الاقوامی آرٹ پلیٹ فارم فریز کے زیر اہتمام منعقد ہونے والا یہ میلہ مغربی ایشیا، شمالی افریقہ اور جنوبی ایشیا کے وسیع خطے میں اس کی پہلی توسیع ہوگی۔ لاہور سے تعلق رکھنے والی فنکارہ حمرا عباس اپنے فن پاروں کا نیا مجموعہ دبئی کی معاصر آرٹ گیلری لوری شبیبی کے ذریعے پیش کریں گی، جو مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیا کے فنکاروں کی نمائندگی کرتی ہے۔ دوسری جانب عمران قریشی کا فن پارہ ’’واٹر باڈیز‘‘ ابوظہبی کے جزیرے سعدیات پر واقع ممشا بیچ میں فریز اسکلپچر نمائش کے حصے کے طور پر پیش کیا جائے گا، جو آرٹ میلے کی بیرونی عوامی فن پاروں کی نمائش ہے۔