Tuesday, November 3

دفاعی چیمپئن پاکستان متحدہ عرب امارات سے شکست کے بعد ہانگ کانگ سکسز کے سیمی فائنل سے باہر

Defending Champions Pakistan Miss Hong Kong Sixes Semi-Finals After UAE Defeat

ہانگ کانگ، 31 اکتوبر 2026 (غفران): دفاعی چیمپئن پاکستان ہانگ کانگ سکسز 2026 کے مین کپ مقابلے سے باہر ہوگیا، قومی ٹیم گروپ سی میں دوسری پوزیشن پر رہی، حالانکہ اس نے روایتی حریف بھارت کے خلاف شاندار کامیابی حاصل کی تھی۔ عباس آفریدی کی قیادت میں کھیلنے والی پاکستانی ٹیم کو ٹائٹل کا دفاع کرنے اور ساتویں مرتبہ چیمپئن بننے کا خواب اس وقت ادھورا رہ گیا جب اسے گروپ کے ابتدائی میچ میں متحدہ عرب امارات کے ہاتھوں سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان نے جمعے کو مقررہ چھ اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 106 رنز بنائے، کپتان عباس آفریدی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 53 رنز کی اننگز کھیلی اور حریف ٹیم کو 107 رنز کا ہدف دیا، تاہم متحدہ عرب امارات نے آخری گیند پر ہدف حاصل کرکے ایک وکٹ سے کامیابی اپنے نام کرلی۔ پاکستان نے دوسرے گروپ میچ میں بھارت کے خلاف بھرپور کم بیک کیا اور بیٹنگ و بولنگ دونوں شعبوں میں عمدہ کارکردگی دکھائی۔ پاکستانی بولرز نے بھارت کو پانچ وکٹوں کے نقصان پر 88 رنز تک محدود رکھا، جس کے جواب میں قومی ٹیم نے صرف 3.5 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 91 رنز بنا کر آٹھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ خواجہ نافع نے جارحانہ انداز میں 41 رنز بنائے جبکہ عباس آفریدی نے 35 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیلی۔ تاہم پاکستان کی یہ کامیابی سیمی فائنل میں رسائی کے لیے کافی ثابت نہ ہوئی کیونکہ متحدہ عرب امارات نے اپنے آخری گروپ میچ میں بھارت کو شکست دے دی۔ بھارت نے 95 رنز بنائے، جس کے جواب میں اماراتی ٹیم نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے صرف چار اوورز میں ہدف حاصل کرلیا۔ ٹورنامنٹ کے فارمیٹ کے مطابق ہر گروپ کی صرف فاتح ٹیم مین کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بناتی ہے، جبکہ دوسرے اور تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیمیں بالترتیب پلیٹ اور باؤل سیمی فائنل میں پہنچتی ہیں۔ پاکستان اب پلیٹ مقابلے میں حصہ لے گا اور ہفتے کو دوسرے سیمی فائنل میں میزبان ہانگ کانگ کا سامنا کرے گا۔