
اسلام آباد، یکم اکتوبر 2026 (کامران راجہ): اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی یا گورنر راج نافذ کرنے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں صوبے سے متعلق اہم آئینی، قانونی اور پارلیمانی امور زیر بحث آئے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے وزیراعظم کو اپوزیشن رہنماؤں سے اپنے حالیہ رابطوں سے آگاہ کیا اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے وفد سے ہونے والی ملاقات کی تفصیلات بھی شیئر کیں۔ دونوں رہنماؤں نے قومی اسمبلی کا آئندہ اجلاس بلانے اور خیبر پختونخوا میں حالیہ پیش رفت کے تناظر میں پارلیمانی صورتحال پر بھی گفتگو کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت مختلف آپشنز پر غور کر رہی ہے اور سیاسی اسٹیک ہولڈرز سے مزید مشاورت کے بعد اس حوالے سے فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔ تاہم ملاقات کے وقت تک خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی یا گورنر راج کے نفاذ سے متعلق کوئی باضابطہ فیصلہ سامنے نہیں آیا تھا۔