Friday, October 16

خیبر پختونخوا میں ٹریفک کے دو حادثات، بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق

Eight Killed, Including Children, in Separate Road Accidents in KP

پشاور، 16 اکتوبر 2026 (نوشین): خیبر پختونخوا میں ٹریفک کے دو الگ الگ حادثات میں بچوں سمیت کم از کم 8 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق پہلا حادثہ بونیر کے علاقے باباجی کنڈاؤ میں پیش آیا جہاں مسافر وین الٹنے سے 6 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ ریسکیو 1122 کے مطابق آپریشن میں 5 ایمبولینسوں اور 20 اہلکاروں نے حصہ لیا۔ جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ دوسرے حادثے میں چارسدہ کے علاقے ترناب روڈ کے قریب ٹرک کی زد میں آکر 3 بچے کچلے گئے، جن میں سے 2 جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر غیور مشتاق خان کی ہدایت پر ریسکیو 1122 کی ایمبولینس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور تینوں بچوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال چارسدہ منتقل کیا۔ جاں بحق بچوں کی شناخت 5 سالہ مبین ولد فرحت اللہ اور 11 سالہ سیف اللہ ولد شیر ولی کے نام سے ہوئی، جبکہ 14 سالہ یاسین ولد فرحت اللہ زخمی ہوا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق مبین اور یاسین کا تعلق گلشن آباد کھٹ کورونہ سے تھا، جبکہ سیف اللہ خیشگی کا رہائشی تھا۔