
خضدار، 5 ستمبر 2026 (نوشین): بلوچستان کے ضلع خضدار اور گردونواح میں جمعہ کے روز زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ سیسمک مانیٹرنگ سینٹر کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 3.2 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔ سیسمک سینٹر کے مطابق زلزلے کا مرکز خضدار سے تقریباً 75 کلومیٹر شمال مغرب میں واقع تھا۔ زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی شہری گھروں اور دکانوں سے باہر نکل آئے اور کھلے مقامات پر جمع ہوگئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں کسی جانی نقصان یا املاک کو نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔حکام کے مطابق زلزلے کے بعد صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے، جبکہ شہریوں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔