
اسلام آباد، 28 اکتوبر 2026(نوشین): جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوجی گاڑی الٹنے کے نتیجے میں ایک اسرائیلی فوجی افسر ہلاک جبکہ تین فوجی زخمی ہوگئے، جس کے بعد اسرائیلی فوج نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ جنوبی لبنان میں فوجی کارروائیوں کے دوران پیش آیا، جس کی اطلاع اسرائیلی فوج نے 8 اکتوبر کو دی تھی۔ ہلاک ہونے والے افسر کی شناخت 21 سالہ کیپٹن الیاو حائم زاپالاموس کے نام سے ہوئی ہے، جن کا تعلق حیفا سے تھا۔ وہ اسرائیلی فوج کی ساتویں بریگیڈ کی 603ویں کامبیٹ انجینئرنگ بٹالین میں خدمات انجام دے رہے تھے۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ زخمی فوجیوں کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ ہلاک ہونے والے افسر کے اہل خانہ کو بھی ان کی موت کی اطلاع دے دی گئی ہے۔ فوج نے گاڑی الٹنے کے واقعے کی وجوہات اور حالات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ یہ واقعہ اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی کے بعد جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج کی مسلسل موجودگی اور بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران پیش آیا۔ جون 2026 میں امریکا کی ثالثی میں اسرائیل اور لبنان کے درمیان ہونے والے معاہدے میں حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے، جنوبی لبنان سے اسرائیلی فوج کے مرحلہ وار انخلا اور علاقے میں لبنانی فوج کی تعیناتی کے لیے ایک لائحہ عمل طے کیا گیا تھا۔ لبنانی حکام کے مطابق مارچ 2026 سے لبنان میں اسرائیلی فضائی حملوں اور زمینی کارروائیوں کے نتیجے میں ہزاروں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔