اسلام آباد 19 فروری 2025(کامران راجہ)پاکستانی حکومت کے مشیر سرمایہ کاری بورڈ سید فیروز شاہ،جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ ان کی اہلیہ خدیجہ ندیم نے جاپان کے قومی دن اورجاپانی شہنشاہ نارو ہیٹو کی 65 ویں سالگرہ کی شاندار تقریب میں شرکت کی۔اس موقع پر انہوں نے پاکستان میں تعینات جاپان کے سفیر اکاماتسو شوئچی اور ان کی اہلیہ آساکو اکاما ٹسوکو جاپان کے قومی دن اورجاپانی شہنشاہ نارو ہیٹو کی سالگرہ پر مبارکباد دی اور گلدستہ پیش کیا۔اس دلکش تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان تھے۔ تقریب میں پاکستان جاپان بزنس فورم کے چیئرمین مرتضیٰ مانڈوی والا، سابق وفاقی وزیر جمال شاہ، سابق وفاقی وزیر شیریں رحمن، ملیحہ لودھی سمیت مختلف ممالک کے معزز سفارت کار، سرکاری حکام، اور کاروباری و ثقافتی برادری کے افراد نے شرکت کی۔ تقریب میں جاپانی شہنشاہ نارو ہیٹو کی 65ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹاگیا۔ اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہونے والی تقریب میں جاپانی ثقافت کی ایک رنگا رنگ جھلک بھی پیش کی گئی۔
اسلام آبادمیں جاپانی سکول کے طلبا نے روایتی تائیکو ڈرمنگ اور مقبول عوامی رقص“سوران بوشی”کا شاندار مظاہرہ کیا۔ لاہور سوگیتسو اسٹڈی گروپ اور لاہور بونسائی سوسائٹی کی جانب سے ایکے بانا اور بونسائی کی نمائش کی گئی، جبکہ جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) اور جاپانی کمپنیوں کے اسٹالز بھی تقریب کا حصہ تھے۔پاکستان میں جاپان کے سفیر اکاماتسو شوئچی نے اپنے خطاب میں گزشتہ سال نومبر میں پاکستان آمد کے بعد اپنے تجربات پر روشنی ڈالی اور پاکستان میں جاپان کیلئے پائی جانے والی گرمجوشی اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے جذبے کو سراہا۔ انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کیلئے بے شمار مواقع موجود ہیں،دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے، سفیر اکاماتسو نے پاکستان کیلئے جاپان کی 70 سالہ سرکاری ترقیاتی امداد (ODA) کی روایت کو دہرایا اور پائیدار ترقی کے جاپانی فلسفے پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہاکہ ہم نہ صرف مچھلی فراہم کرتے ہیں بلکہ مچھلی پکڑنے کا طریقہ بھی سکھاتے ہیں، اور یہ سب باہمی احترام اور تعاون کی بنیاد پر ہوتا ہے۔ پاکستان میں تعینات جاپان کے سفیر اکاماتسو شوئچی نے ثقافتی اور عوامی روابط پر زور دیتے ہوئے پاکستان کو اپریل تا اکتوبر 2025 میں اوساکا، کانسائی میں منعقد ہونے والے ایکسپو 2025 میں بھرپور شرکت کی دعوت دی۔
جاپانی کہاوت”دیکھنا یقین کرنے کے مترادف ہے“کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے پاکستانیوں کو جاپان کے براہِ راست تجربے کی ترغیب دی۔ اپنے اختتامی کلمات میں سفیر اکاماتسو شوئچی نے پاکستان اور جاپان کے درمیان مزید مضبوط تعلقات کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ میں جاپان اور پاکستان کے درمیان مزید متحرک تبادلے کی خواہش رکھتا ہوں تاکہ ہماری دوستی اس نئے دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو سکے۔پاکستانی حکومت کے مشیر سرمایہ کاری بورڈ سید فیروز شاہ اور جاپانی اعزازی قونصل جنرل سیدندیم عالم شاہ نے مشترکہ طور پر کہا کہ پاکستان اور جاپان کے دیرینہ تعلقات ہیں، ہم دو طرفہ تعلقات کو مزید بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔