Friday, November 20

تائیوان کے معاملے پر امریکہ درست مؤقف اختیار کرے، چین کا دوطرفہ تعلقات میں کشیدگی سے بچنے پر زور

Xi Urges US to Handle Taiwan Issue Responsibly to Avoid Strain in Bilateral Ties

اسلام آباد، 20 نومبر 2026 (غفران): چین کے صدر شی جن پنگ نے امریکہ پر زور دیا ہے کہ وہ تائیوان کے معاملے پر درست طرزِ عمل اختیار کرے تاکہ بیجنگ اور واشنگٹن کے تعلقات میں بڑے پیمانے پر کشیدگی اور رکاوٹوں سے بچا جا سکے۔ چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی شنہوا کے مطابق شی جن پنگ نے جمعرات کو چین کے شہر شین ژین میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے دوران یہ بات کہی۔ دونوں رہنماؤں کی ملاقات ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون (ایپیک) سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئی۔ تائیوان کا معاملہ چین اور امریکہ کے تعلقات میں انتہائی حساس اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ بیجنگ خودمختار انتظام کے تحت چلنے والے جزیرے کو اپنا حصہ قرار دیتا ہے، تاہم تائی پے اس مؤقف کو مسترد کرتا ہے۔ چین متعدد بار امریکہ سے تائیوان کے معاملے پر اپنے مؤقف کا احترام کرنے کا مطالبہ کر چکا ہے اور جزیرے کو امریکی ہتھیاروں کی فروخت روکنے پر بھی زور دیتا رہا ہے۔ شی جن پنگ اور ٹرمپ کی ملاقات کے بعد جاری ہونے والے سرکاری بیان میں تائیوان کے معاملے کا مختصر ذکر کیا گیا، تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات یا امریکہ کی جانب سے تائیوان کو اسلحے کی فراہمی کا تذکرہ نہیں کیا گیا۔ شنہوا نے ملاقات کو مثبت اور تعمیری قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے چین اور امریکہ کے درمیان تعمیری اور تزویراتی طور پر مستحکم تعلقات کے فروغ کے لیے ایک لائحہ عمل تیار کرنے پر اتفاق کیا۔ رواں سال شی جن پنگ اور ڈونلڈ ٹرمپ کی یہ تیسری ملاقات تھی۔ تائیوان بھی ایپیک کا رکن ہے، تاہم سفارتی پیچیدگیوں سے بچنے کے لیے اس کے صدر کے بجائے ایپیک میں نمائندے اور کمپیوٹر ساز کمپنی ایسر کے بانی اسٹین شی نے اجلاس میں شرکت کی۔ اسٹین شی نے اجلاس کے باضابطہ آغاز سے قبل گروپ فوٹو کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے مصافحہ بھی کیا۔ بعد ازاں انہوں نے بتایا کہ ان کی ٹرمپ اور دیگر عالمی رہنماؤں سے ملاقات ہوئی، جبکہ دوطرفہ تعاون کے فروغ میں حمایت کرنے والے ممالک کا شکریہ بھی ادا کیا۔ چینی صدر نے واشنگٹن کے ساتھ تعلقات کے مستقبل پر امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک نے باہمی احترام، انصاف اور دوطرفہ تعاون کی بنیاد پر تزویراتی استحکام کے حامل تعمیری تعلقات کے لیے ایک نئی سمت متعین کی ہے۔