Sunday, August 9

حزب اللہ کے اسلحہ سے دستبرداری کی نگرانی کے لیے لبنان اور اسرائیل نے ممالک کی شارٹ لسٹ تیار کرلی

بیروت، 8 اگست 2026 (غفران):لبنان اور اسرائیل نے حزب اللہ کے اسلحہ سے دستبرداری کی تصدیق کے لیے فوجی دستے بھیجنے والے ممالک کی ایک شارٹ لسٹ پر اتفاق کرلیا ہے۔ ایک لبنانی عہدیدار نے جمعہ کو بتایا کہ حتمی طور پر ان ممالک کا انتخاب امریکا کرے گا۔لبنانی عہدیدار نے شارٹ لسٹ میں شامل ممالک کے نام یا ان کی تعداد بتانے سے انکار کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا فہرست میں سے ایک یا ایک سے زائد ممالک کا انتخاب کرسکتا ہے۔شارٹ لسٹ رواں ہفتے روم میں امریکی سفارتخانے میں لبنان اور اسرائیل کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے دوران تیار کی گئی۔ مذاکرات میں 26 جون کے معاہدے پر عمل درآمد کے طریقہ کار پر بات ہوئی، جس کے تحت لبنان سے اسرائیلی فوج کے مرحلہ وار انخلا کو حزب اللہ کے اسلحہ سے دستبرداری سے منسلک کیا گیا ہے۔ اس عمل کی تصدیق ایک تیسرے فریق کی جانب سے کی جائے گی۔

حزب اللہ اس معاہدے کا فریق نہیں ہے اور وہ اپنے ہتھیار چھوڑنے سے انکار کرچکا ہے۔ لبنانی عہدیدار نے کہا کہ ممکنہ ممالک کی شارٹ لسٹ تیار کرلی گئی ہے اور فریقین نے ان ممالک کا تعین کیا ہے جو ان کے لیے قابل قبول یا ناقابل قبول ہوں گے۔ اب امریکا حتمی فیصلہ کرے گا اور ایک سے زائد ممالک کا انتخاب بھی کرسکتا ہے۔اسرائیلی وزارت خارجہ کی جانب سے شارٹ لسٹ سے متعلق فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے مذاکرات کو ’’تکنیکی اور ماہرین کی سطح پر مفید‘‘ قرار دیا، تاہم مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔