Thursday, September 24

بلوچستان میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر 30 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ

Balochistan imposes Section 144 for 30 days amid security concerns

کوئٹہ، 24 ستمبر 2026 (غفران): بلوچستان حکومت نے سکیورٹی خدشات اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے صوبے بھر میں 30 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ محکمہ داخلہ کے مشیر بابر یوسفزئی کے مطابق پابندیوں کا اطلاق 23 ستمبر 2026 سے ہوگا۔ حکم نامے کے تحت عوامی مقامات پر ہر قسم کے ہتھیاروں کی نمائش اور سرعام اسلحہ رکھنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، جبکہ پانچ یا اس سے زائد افراد کے اجتماعات، دھرنے، ریلیاں، احتجاج اور اس نوعیت کی دیگر سرگرمیاں بھی ممنوع قرار دی گئی ہیں۔ صوبائی حکومت نے عوامی مقامات پر چہرہ ڈھانپنے، نقاب کرنے یا کسی بھی ایسے ذریعے کے استعمال پر بھی پابندی عائد کی ہے جس سے کسی فرد کی شناخت میں رکاوٹ پیدا ہو۔ تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو بلوچستان بھر میں دفعہ 144 پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ بابر یوسفزئی نے کہا کہ پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی۔