اسلام آباد08 اپریل 2025 (کامران راجہ): وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان قدرتی وسائل، خاص طور پر معدنیات کے اعتبار سے انتہائی زرخیز خطہ ہے اور یہاں غیر ملکی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے تاکہ وہ اعتماد کے ساتھ سرمایہ کاری کر سکیں۔
اسلام آباد میں منعقدہ منرلز سمٹ کے موقع پر وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نےکہا کہ صوبائی حکومت نے ون ونڈو سسٹم متعارف کرایا ہے تاکہ سرمایہ کاروں کو اجازت ناموں اور دیگر معاملات میں سہولت ملے اور انہیں کسی رکاوٹ کا سامنا نہ ہو وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں معدنی شعبے میں سرمایہ کاری سے نہ صرف صوبے کی معیشت کو فروغ ملے گا بلکہ مقامی لوگوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کی پالیسی یہ ہے کہ قومی اور عالمی سرمایہ کاروں کو لازمی کارروائی کی تکمیل کے لئے سہولیات فراہم کی جائیں اور مقامی کمیونٹیز کے حقوق کا مکمل خیال رکھا جائے متعلقہ علاقوں کے عوام کے معیار زندگی کی بہتری اور فلاح و بہبود کے لیے خاطر خواہ اقدامات کئے جائیں ہم چاہتے ہیں کہ سرمایہ کاری سے مقامی لوگوں کو تعلیم صحت ترقی اور روزگار کے مواقع میسر آئیں اور عوام ترقی کے ثمرات سے مستفید ہوں، منرل سمٹ 2025 کے موقع پر وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اسلام آباد میں صوبائی محکمہ مائنز اینڈ منرلز کی ذیلی کمپنیوں بی ایم آر ایل (BMRL) اور بی میک (BMeC) کے اسٹالز کا دورہ بھی کیا۔
اس موقع پر سیکریٹری مائنز سیدال خان اور دیگر اعلیٰ حکام نے وزیر اعلیٰ کو بلوچستان میں جاری معدنی منصوبوں، سرمایہ کاری کے امکانات اور حکومتی پالیسیوں پر بریفنگ دی وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں معدنی شعبے کی ترقی کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی تحفظ اور قدرتی وسائل کے پائیدار استعمال پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے منرل سمٹ کے دوران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی کینیڈا کے قائم مقام سفیر سے ملاقات بھی ہوئی اس ملاقات میں معدنی شعبے میں تعاون اور سرمایہ کاری سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا.