Tuesday, November 3

باغ میں گیس سلنڈر دھماکے سے ایک ہی خاندان کے چار افراد جاں بحق، 15 سالہ لڑکی شدید زخمی

Four Family Members Killed in Gas Cylinder Explosion in Bagh

مظفرآباد، 30 اکتوبر 2026 (غفران): آزاد جموں و کشمیر کے ضلع باغ کے علاقے پنڈی گاؤں میں گھر کے اندر گیس سلنڈر پھٹنے سے تین خواتین سمیت ایک ہی خاندان کے چار افراد جاں بحق جبکہ 15 سالہ لڑکی شدید زخمی ہوگئی۔ اطلاعات کے مطابق دھماکا شکدار نامی شخص کے گھر میں پیش آیا، جس کے نتیجے میں اس کی 80 سالہ والدہ، 40 سالہ اہلیہ شازیہ، 11 سالہ بیٹا حارث اور آٹھ سالہ بیٹی ملائکہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ واقعے میں اس کی 15 سالہ بیٹی انیکہ شدید زخمی ہوئی، جسے طبی امداد کے لیے منتقل کردیا گیا، جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر نے افسوسناک واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے تعزیت کی۔ انہوں نے واقعے کو متنازع رنگ دینے کی کوششوں اور سوشل میڈیا پر مبینہ پروپیگنڈے کی مذمت کرتے ہوئے ایسے اقدامات کو افسوسناک اور قابل مذمت قرار دیا۔ دوسری جانب پولیس ترجمان نے واقعے سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی مختلف نوعیت کی اطلاعات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھماکے کے حقائق جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ حکام کے مطابق واقعے کے اسباب اور حالات کا تعین کرنے کے لیے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔